اصلاحات کے بعد بحری شعبے نے 100 ارب روپے منافع کمایا، جنید انوار
ملکی شپنگ سیکٹر کووسعت، غیر ملکی کیریئرز پر انحصار کم کیا جائے گا، وفاقی وزیر، گفتگو
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ بحری شعبے نے گذشتہ برس ریکارڈ 100 ارب روپے منافع حاصل کیا جو ایک سالہ وسیع اصلاحات کے بعد ممکن ہوا،ان اصلاحات سے بندرگاہوں کی کارکردگی میں بہتری، اخراجات میں کمی اور طویل عرصے سے زیر التواء-04 پالیسیوں کو حتمی شکل دینے میں مدد ملی۔ وفاقی وزیر نے وزارت کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے 2025 کو ‘‘تبدیلی کا سال’’ قرار دیا اور بتایا کہ اس دوران قانون سازی، ڈیجیٹائزیشن، انفرا اسٹرکچر کی ترقی اور انسانی وسائل کے شعبے میں دو درجن سے زائد اقدامات کیے گئے ۔ انہوں نے کہا یہ اصلاحات بندرگاہوں، شپنگ اور ماہی گیری کے شعبے کو جدید بناکر سمندری معیشت کی استعداد بڑھا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی شپنگ پالیسی کے تحت پاکستان کے شپنگ سیکٹر کو وسعت دی جائے گی اور غیر ملکی کیریئرز پر انحصار کم کیا جائے گا۔