حکومت کی اجازت ہویا نہ، فضل الرحمٰن لانگ مارچ نہیں کرینگے
پی ٹی آئی اس سے آگے بڑھنا چاہتی،احتجاج کیا تو مولانا کے لوگ وہاں نہیں جائیں گے حکومت حماقت کرے یا کوئی اور چیز ہوتو چنگاری لگ سکتی:آج کی بات سیٹھی کیساتھ
لاہور(دنیا نیوز)دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘آج کی بات سیٹھی کے ساتھ’’میں سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا حکومت مولانا فضل الرحمن کو 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کی اجازت دے یا نہ دے انہوں نے لانگ مارچ نہیں کرنا،مولانا صرف اس موقع پر چھوٹے چھوٹے جلسے کرسکیں گے ،جلسے کرنے سے مولانا صاحب کو کوئی نہیں روک سکتا،مولانا فضل الرحمن کو اجازت لینے کی ضرورت نہیں،کیونکہ انہوں نے یوم سیاہ منانا ہے ،یوم سیاہ میں چھوٹے چھوٹے ایونٹس ہوجائیں گے ، اس سے ریاست کو کسی قسم کا تھریٹ نہیں ہوگا،ریاست اور حکومت کوتھریٹ اس وقت ہوتا ہے جب لوگ سڑکوں پر آتے ہیں ،توڑ پھوڑ ہوتی ہے ،گالی گلوچ ہوتی ہے ،یہ کام تحریک انصاف کا ہے ، یہ کام مولانا نہیں کرتے ،مولانا فضل الرحمن بھی بڑے خیال سے چلتے ہیں،وہ ایسی حرکت نہیں کریں گے جس سے ان کے کارکنوں اور ریاست کے درمیان ٹکر ہوجائے ،جس طرح مولانا سیاہ دن منانا چاہتے ہیں۔
اسی طرح پی ٹی آئی بھی کرسکتی ہے ،بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی اس سے آگے بڑھنا چاہتی ہے ،پی ٹی آئی سڑکوں پر نکل کر گڑ بڑ کرنا چاہتی ہے ،اس وجہ سے حکومت پی ٹی آئی کو کسی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں دے گی،اگر احتجاج ہوتا ہے تو پھر گرفتاریاں ہوں گی،8 فروری کو پی ٹی آئی کوئی احتجاج بھی کرتی ہے تو مولانا کے لوگ وہاں نہیں جائیں گے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن پی ٹی آئی کو سائیڈ پر کر کے اپوزیشن لیڈر بننا چاہتے تھے لیکن پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنا دیا،اگر مولانا اپوزیشن لیڈر بنتے تو مولانا کو کچھ دینا اور لینا پڑتا،لیکن یہ ہوا نہیں،مولانا نے 8 فروری کو اس لئے یوم سیاہ منانے کااعلان کیا کہ اپنی اہمیت ،حیثیت کوثابت کروں، لوگوں کو بھی پتا چلے کہ میں بھی ہوں،میں چپ کر کے نہیں بیٹھا ہوں،انہوں نے مزید کہا کہ محمود خان اچکزئی مولانا کو اپنے پلیٹ فارم پر ساتھ نہیں لاسکیں گے ،لیکن دو ہفتے پڑے ہیں کچھ بھی ہوسکتا ہے ،ممکن ہے کہ حکومت کی طرف سے کوئی حماقت ہوجائے ،یا کوئی اور چیز ہوجائے ،جس کی وجہ سے پھر کوئی چنگاری لگ جائے ، دوہفتے میں کچھ بھی ہوسکتا ہے اور کچھ نہیں بھی ہوسکتا ہے ۔