وفاقی افسران کے اثاثوں کی تصدیق کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایف بی آر کو مشترکہ آن لائن اور الیکٹرانک نظام قائم کرنیکا حکم نظام جون 2027تک مکمل نافذ کیا جائے گا اور تمام وفاقی سروس کیڈر گروپس پر لاگو ہوگا پہلے مرحلہ میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو،پولیس ، سیکر ٹریٹ، آفس مینجمنٹ کے افسران شامل
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق کے ماتحت گریڈ 17 تا 22 کے 25 ہزار سے زائد افسران کے اثاثہ جات اور گوشواروں کی تصدیق کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعظم نے اس مقصد کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایف بی آر کو مشترکہ آن لائن اور الیکٹرانک نظام قائم کرنے کا حکم دیا ہے جس کے ذریعے افسران سالانہ گوشوارے جمع کرائیں گے اور ایف بی آر ان کی تصدیق کرے گا۔
ہدایات کے مطابق یہ نظام جون 2027 تک مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا اور مرحلہ وار تمام وفاقی سروس کیڈر گروپس پر لاگو ہوگا۔ پہلے مرحلے میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پاکستان پولیس سروس، سیکریٹریٹ سروس اور آفس مینجمنٹ سروس کے افسران شامل ہوں گے ۔بعد ازاں آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس، ان لینڈ ریونیو، کسٹمز، پوسٹل، انفارمیشن، کامرس اینڈ ٹریڈ، ریلوے سروس سمیت وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، محکموں اور اداروں کے افسران کے اثاثہ جات کے گوشوارے بھی اسی آن لائن نظام کے تحت جمع اور تصدیق کیے جائیں گے ۔