بھاٹی گیٹ:ماں بیٹی سپرد خاک،پولیس نے غلیظ باتیں کیں،تشدد کیا :شوہر

بھاٹی  گیٹ:ماں بیٹی  سپرد  خاک،پولیس  نے  غلیظ باتیں  کیں،تشدد  کیا :شوہر

پو لیس مجھے ساتھ لے گئی ، تشدد کا نشانہ بنایا ، کہتے رہے تم نے بیوی اور بیٹی کو خود قتل کیا : غلام مرتضیٰ پو لیس کی اعلٰی سطحی کمیٹی نے بھی 3افسروں کیخلاف رپورٹ دیدی، ایس ایچ اومعطل، ڈی ایس پی کو نوٹس وقوعہ کے بعد بھی 4 مین ہولز کھلے رہے ، انکوائری کمیٹی کی چیف انجینئر ٹیپا ، ایم ڈی واسا سے سخت پوچھ گچھ

 لاہور ،شورکوٹ (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ نیوز ،نمائندہ دنیا)سانحہ بھاٹی گیٹ میں جاں بحق ماں سعدیہ اور کمسن بیٹی کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں موضع اﷲیار جوتہ شورکوٹ میں ادا کر دی گئی، علاقے میں سوگ کی فضا قائم رہی ، ہر آنکھ اشکبار تھی ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرحومہ کے شوہر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ ماں بیٹی گٹر میں گرنے پر وہ چیخ و پکار کرتے رہے تاہم پو لیس مجھے ساتھ لے گئی ، تشدد کا نشانہ بنایا ، وہ کہتے رہے کہ تم نے بیوی کو بیٹی سمیت خود قتل کیا ، یا رکشے میں کسی کے ساتھ بھگا دیا ہے ،اس طرح کی نازیبا باتیں بھی سننے کو ملیں ۔پو لیس کی اعلٰی سطحی کمیٹی نے بھی اپنی انکوائری میں 3 افسروں ایس پی سٹی، ایس ڈی پی او اور متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف رپورٹ دی ہے ۔ایس پی کی موجودگی میں ایس ایچ او کے ریٹائرنگ روم میں تشدد کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے تھانہ بھاٹی گیٹ کے ایس ایچ او زین عباس کو معطل کر دیا جبکہ ڈی ایس پی کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔

دوسری طرف واقعہ سے متعلق ایک اورتحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ واقعے کی رات ہائی لیول کمیٹی کے دورے کے باوجود 5 میں سے 4 مین ہولز کھلے رہے ،حادثے کے بعد بھی مین ہول کور نہ کئے گئے ،تحقیقات میں بتایا گیا کہ کھلے مین ہولز کے کور بنائے ہی نہیں گئے تھے ۔ انکوائری کمیٹی نے اس معاملے پر چیف انجینئر ٹیپا اور ایم ڈی واسا سے سخت پوچھ گچھ کی ۔ متوفیہ کے والد ساجد حسین نے بتایا کہ جمعرات کی شام پولیس افسر ان کے پاس آئے اور بتایا ایف آئی آر میں درج ایک نام کی تصحیح کرنی ہے جس کے لیے ان سے متعدد کاغذات پر انگوٹھے لگوائے گئے ۔پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی درخواست میں سیفٹی افسر کا نام غلط درج ہو گیا تھا، جس کی درستگی کے لیے متاثرہ خاندان کی موجودگی میں کارروائی کی گئی ۔دوسری طرف پولیس نے مزید 2 ملزموں پرائیویٹ کمپنی کے سی اوز سلمان اور عثمان کو گرفتار کر لیا ،اب تک 5 ملزم حراست میں لئے جا چکے ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں