پی سی بی فیو چر سٹار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ، سلیکشن پینل تشکیل
11 فروری کو پروگرام کا آغاز،مختلف شہروں میں اوپن ٹرائلز ،عاقب جاوید، مصباح،عبدالرزاق سمیت ریجنل کوچز پینل میں شامل ہر ریجن سے 24 کھلاڑی شارٹ لسٹ ہونگے ، منتخب کھلاڑیوں کو مستقبل میں ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل میں سلیکشن کا موقع ملے گا
لاہور (سپورٹس ڈیسک)ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پاکستان کرکٹ بورڈ عاقب جاوید اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز پی سی بی عبداﷲ خرم نیازی نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی فیوچر سٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی تفصیلات بیان کیں ۔عاقب جاوید نے بتایا کہ پی سی بی آئندہ مرحلے میں 16 نئی ریجنل اکیڈمیز پر کام کرنے جا رہا ہے ، جہاں ہر ریجن کی اپنی گراؤنڈ اور کھلاڑیوں کو جدید سہولیات میسر ہوں گی۔ ان اکیڈمیز میں انڈر 15، انڈر17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کے لیے بھی مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ عاقب جاوید نے کہاکہ ان اکیڈمیز میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس، تکنیکی مہارت اور ذہنی تربیت سمیت ہر پہلو سے مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پی سی بی فیوچر سٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز 11 فروری سے ہو گا ،مختلف شہروں میں اوپن ٹرائلز ہوں گے ، عاقب جاوید، مصباح الحق اور عبدالرزاق سمیت ریجنل کوچز پر مشتمل سلیکشن پینل اوپن ٹرائلز لے گا۔کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت 15 شہروں میں اوپن ٹرائلز کے ذریعے 350 کے قریب ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا، ہر ریجن سے زیادہ سے زیادہ 24 بہترین کھلاڑی شارٹ لسٹ ہوں گے ، منتخب کھلاڑیوں کو چار ہفتوں کی خصوصی ٹریننگ دی جائے گی۔ٹرائلز کے دن بہترین بیٹسمین، فاسٹ بولر اور سپنر کو کیش انعام بھی ملے گا، منتخب کھلاڑیوں میں سے بہترین کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کیمپس میں بھی بلایا جائے گا۔کھلاڑیوں کو سال بھر پی سی بی ریجنل اکیڈمیز میں سکل ڈویلپمنٹ بھی کروائی جائے گی، منتخب کھلاڑیوں کو مستقبل میں ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل میں سلیکشن کا موقع مل سکے گا۔