ڈیڈ لائن دیدی، معاہدہ ہوجائیگا : ٹرمپ، امریکا کیساتھ مذاکرات کی جانب پیش رفت ہوئی : ایران

ڈیڈ لائن دیدی، معاہدہ ہوجائیگا : ٹرمپ، امریکا کیساتھ مذاکرات کی جانب پیش رفت ہوئی : ایران

خطے میں فوجیوں کی نقل و حرکت تیز ، معاہدہ نہیں کیا تو بڑا حملہ کرینگے :ٹرمپ ،امریکی بحری بیڑا ایرانی ساحل کے قریب تعینات ،پاسداران انقلاب کی بحری مشقوں کا آغاز اگردشمن نے غلطی کی تو وہ اپنی ،خطے اور صہیونی حکومت کی سلامتی خطرے میں ڈالے گا :ایرانی آرمی چیف ،تہران نے یورپی ممالک کی افواج کو دہشتگرد تنظیمیں قرار دیدیا

واشنگٹن،تہران(نیوز ایجنسیاں)امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خفیہ طور پر ایران کو ڈیڈ لائن دیدی ہے ۔ اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے ڈیڈ لائن سے قبل جوہری معاہدہ قبول نہ کیا تو بہت بڑی فوجی کارروائی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کو ڈیڈ لائن دینے کے ساتھ ہی خطے میں امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت تیز کردی گئی۔صدرٹرمپ نے اس ڈیڈ لائن کی مدت ظاہر نہیں کی البتہ ان کا کہنا تھا کہ صرف وہی جانتے ہیں کہ ڈیڈ لائن کیا ہے ۔ امید ہے معاہدہ ہوجائے گا ، ورنہ دیکھیں گے کیا ہوتا ہے ؟۔صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں ایران امریکی فوجی کارروائی کا سامنا کرنے کے بجائے اپنے جوہری اور میزائل پروگرامز پر کسی معاہدے کو ترجیح دے گا۔

امریکی بحری بیڑے کا ایک جنگی گروپ جس کی قیادت طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کر رہا ہے ، ایران کے ساحلوں کے قریب تعینات کر دیا ہے۔ یہ اقدام صدر ٹرمپ کی جانب سے حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن کے بعد مداخلت کی دھمکی کے تناظر میں کیا گیا۔بحری بیڑے کی آمد نے ایران کے ساتھ براہِ راست تصادم کے خدشات کو بڑھا دیا ہے ۔ امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں ایران کے پیشہ ورانہ طور پر کام کرنے کے حق کو تسلیم کرتے ہیں تاہم ایران کا غیر پیشہ ورانہ رویہ تصادم اور عدم استحکام کے خطرات میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے ۔سینٹ کام نے بیان میں کہا کہ ایران نے اعلان کیا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب آبنائے ہرمز میں دو روزہ لائیو فائر بحری مشق کا انعقاد کر رہی ہے جوآج اتوار سے شروع ہوں گی۔امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کو چاہیے کہ بحری مشقیں اس انداز میں کی جائیں جو نہ صرف محفوظ اور پیشہ ورانہ ہوں بلکہ بین الاقوامی سمندری ٹریفک کی آمدورفت کو بھی خطرے میں نہ ڈالیں۔

سینٹ کام مشرق وسطیٰ میں امریکی اہلکاروں، بحری جہازوں اور طیاروں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔ہم پاسداران انقلاب کے کسی بھی غیر محفوظ اقدامات کو برداشت نہیں کریں گے ۔دوسری جانب ایران کے اعلیٰ ترین سکیو رٹی عہدیدار نے ہفتے کو کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کی جانب پیش رفت ہوئی ہے ، اگر تہران کے میزائل اور دفاعی صلاحیتوں کو مذاکراتی ایجنڈے میں شامل نہ کیا گیا تو وہ جوہری مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔ تاہم کسی بھی حملے کی صورت میں وہ امریکی اڈوں، بحری جہازوں اور اتحادیوں، بالخصوص اسرائیل پر میزائل حملوں سے جواب دے گا۔ ایران کی سپریم نیشنل سکیو رٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے کہا من گھڑت میڈیا جنگ کے شور و غل کے برعکس مذاکرات کیلئے پیش رفت ہو رہی ہے ۔

علی لاریجانی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران نے یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیدیا ہے۔انہوں نے کہا یورپی یونین ایران کے داخلی قانون سے آگاہ ہے اور وہ تمام ممالک جنہوں نے پاسدارانِ انقلاب کے خلاف یورپی یونین کی حالیہ قرارداد میں حصہ لیا، ان کی افواج کو دہشت گرد تنظیمیں تصور کیا جاتا ہے ۔ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی نے امریکا اور اسرائیل کو کسی بھی حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی افواج مکمل دفاعی اور فوجی تیاری کی حالت میں ہیں۔ انہوں نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا کہ اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو وہ اپنی، خطے اور صہیونی حکومت کی سلامتی کو خطرے میں ڈالے گا۔مسلح افواج مکمل دفاعی اور فوجی تیاری کی حالت میں ہیں۔امیر حاتمی نے کہا کہ ایران کی جوہری ٹیکنالوجی اور مہارت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، چاہے قوم کے سائنسدان اور فرزند شہید ہی کیوں نہ ہو جائیں۔

ایٹمی سائنس اور ٹیکنالوجی قوم کا ناقابلِ تنسیخ اثاثہ ہے۔ ایرانی حکام نے ہفتے کو پیش آنے والے مختلف واقعات کو کسی حملے یا تخریب کاری سے جوڑنے کی تردید کی، جن میں جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس میں ہونے والا ایک دھماکا بھی شامل ہے ، مقامی فائر فائٹرز نے بتایا کہ دھماکا گیس لیک ہونے کے باعث ہوا،جس کے نتیجے میں 1 شخص ہلاک اور 14 زخمی ہوئے ۔ اہوازشہر میں بھی رہائشی عمارت میں دھماکا ہوا، جس میں خاندان کے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ،اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی)نے بھی اس تاثر کی تردید کی کہ اس کی بحری فورسز سے تعلق رکھنے والی کسی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ایک اسرائیلی عہدیدار نے ایران میں ہونے والے دھماکوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے ۔ تسنیم نیوز ایجنسی نے ہفتے کو پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری سے متعلق قتل کی افواہوں کی بھی تردید کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں