پی پی حکومت 3 ہزار 326 ارب ہڑپ کرگئی، حافظ نعیم
سانحہ گل پلازہ پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی استعفیٰ دیں آج شارع فیصل پر ’’جینے دو کراچی مارچ‘‘کی تیاریاں اور انتظامات مکمل
کراچی (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے سانحہ گل پلازہ پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضی وہاب سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت 3 ہزار 326 ارب روپے ہڑپ کرگئی ہے ۔ جینے دو کراچی مارچ کے حوالے سے نمائش چورنگی پر استقبالیہ کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سانحہ گل پلازہ، حکومتی نااہلی و مجرمانہ غفلت ہے ، کراچی کے عوام کے مسائل پر جماعت اسلامی کے تحت آج اتوار کو شاہراہ فیصل پر جینے دو کراچی مارچ ہوگا۔
انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت 17 سال سے قابض ہے مگر کوئی بڑا پروجیکٹ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج عظیم الشان جینے دو کراچی مارچ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، یہ صرف مارچ نہیں بلکہ کراچی کے مستقبل کا فیصلہ کن مرحلہ ہے ، اب اہل کراچی کو گھروں سے نکلنا اور قبضہ سسٹم کے خلاف بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی۔ادھرجماعت اسلامی کے تحت اہل کراچی کی جان و مال کے تحفظ، جینے کے حق اور مسائل کے حل کے لیے آج شارع فیصل پر 3بجے دن منعقد ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ’’جینے دو کراچی مارچ‘‘کی تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے ، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔