کوشش ہے ایران کا معاملہ بات چیت سے حل ہو:شہبازشریف
خطے میں امن چاہتے ، دہشتگردوں کاخاتمہ ہوگا،سہیل آفریدی سے اچھی گفتگو ہوئی
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں، متعلقہ اکائیوں اور عوام کی حمایت سے ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے ،حکومت پاکستان اور پوری قوم کی جانب سے کشمیریوں کے لئے یکجہتی کا پیغام پیش کرتا ہوں۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ئے وفاق اور صوبے کے درمیان باہمی تعاون اور ہم آہنگی پر مثبت ملاقات ہوئی۔ اجلاس میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کے ایصال ثواب اور بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں، سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی منظوری دی گئی ۔
وزیر اعظم نے کابینہ ارکان سے خطاب کرتے ہوئیئے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے تناظر میں ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے یوم یکجہتی کشمیر پر حکومت پاکستان اور پوری قوم کی جانب سے کشمیریوں کے لئے یکجہتی کا پیغام دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ خطے میں امن چاہتے ہیں،ایران کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے برادرانہ کردار ادا کیا، میں نے ، نائب وزیراعظم اورفیلڈ مارشل نے مختلف اوقات میں ایرانی قیادت کیساتھ ملاقاتیں اور ٹیلی فونک گفتگو کی، پوری کوشش ہے کہ ایران کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو۔شہبازشریف نے کہاکہ بلوچستان میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں ،ہمارے شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردوں کاخاتمہ ہوگا۔خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی دو روز پہلے آئے تھے ، ان سے اچھی گفتگو ہوئی ہے ۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے ، ہم نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے ، کھیل کے میدان میں سیاست نہیں ہونی چاہئے ، ہم نے بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکیا ہے ،ہمیں بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے ۔