نہیں لگتا شہباز آئندہ سال تک وزیراعظم رہیں گے :مفتاح
ملک اس لیے مشکل میں سیاسی ڈھانچہ درست نہیں، سیاستدان برے نہیں کراچی وفاق کے حوالے کرنے کی گنجائش نہیں ، متحدہ نے بوری بند لاشیں دیں
کراچی (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مجھے نہیں لگتا شہباز شریف 2027 تک وزیراعظم رہیں گے ،حکومت نے ایک بھی ایسا بل پاس نہیں کیا جو عوام کے حق میں ہو۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس لیے مشکل میں ہے کہ سیاسی ڈھانچہ درست نہیں، اس لیے مسائل کا شکار نہیں کہ سیاستدان برے ہیں۔انہوں نے کہا کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، ایم کیو ایم نے شہر کو بوری بند لاشوں کے سوا کیا دیا ہے ۔مفتاح اسماعیل نے کہا میری خواہش ہے موثر بلدیاتی نظام ہو، بلدیاتی ادارے مضبوط کرنے کا موثر نظام نہیں تو نئے صوبے بنادیں۔ انہوں نے کہا کہ 2008 میں جمہوریت بحال ہوئی تو بلدیاتی نظام ختم کردیا گیا، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں نے کہا آبادی کوکنٹرول کرنا ہوگا، 2 کروڑ سے زائد بچے اسکول نہیں جاتے ،پاکستان میں وسائل کی کمی ہے ۔ ادھر ایک بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان مسائل میں پھنس گیا ہے جہاں غربت اور بے روزگاری ہے ، پاکستان کے آئین پر سب کو متفق ہونا چاہیے ۔ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا بھارت میں بچوں کو اسکول میں ناشتہ ملتا ہے ،اس سے اسکول آنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاہے ۔