دشمن کے ناپاک عزائم اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنائینگے :طاہراشرفی
پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ، اداروں سے مل کر ناسور ختم کرینگے دہشت گردی کا اسلام انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ، پریس کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد (آن لائن)کوآرڈی نیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ، پوری قوم اور تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے دشمن کے ناپاک عزائم کو اتحاد اور یکجہتی سے ناکام بنایا جائے گا۔ پریس کانفرنس سے قبل علامہ طاہر محمود اشرفی نے سانحہ ترلائی کے شہدا کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، جبکہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں ۔انہوں نے بتایا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کے تمام اراکین کچھ دیر قبل پمز میں زخمیوں کی عیادت کر چکے ہیں ،قومی پیغامِ امن کمیٹی دہشت گردوں کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد کی حمایت کرتی ہے ، علمائے کرام کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے اور افواجِ پاکستان و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس ناسور کا خاتمہ کرینگے ۔