جو افسر آج پیش ہوئے ، اگلی تاریخ پر بھی وہی آئیں :ہائیکورٹ

جو افسر آج پیش ہوئے ، اگلی تاریخ پر بھی وہی آئیں :ہائیکورٹ

میں بھی دیکھنا چاہتا ہوں کہ سی سی ڈی والے کرتے کیا ہیں؟ جسٹس تنویر احمد شیخ شہری کو حراست میں لینے کیخلاف کیس کی سماعت ،25فروری کو رپورٹ طلب

لاہور( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں شہری نعمان قیصر کو سی سی ڈی کی جانب سے حراست میں لینے کے خلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے 25فروری کو کیس سے متعلق سی سی ڈی سے رپورٹ طلب کرلی ۔عدالت نے ہدایت دی کہ آج جو افسران پیش ہوئے ہیں، اگلی سماعت پر بھی پیش ہوں، میں بھی دیکھنا چاہتا ہوں کہ سی سی ڈی والے اس مقدمہ میں کرتے کیا ہیں؟ ۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس تنویر احمد شیخ کے روبرو درخواست گزارکے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ ملزم نعمان کے خلاف قتل کے مقدمہ کا ٹرائل جاری ہے ،ملزم کو ٹرائل کورٹ سے واپسی پر سی سی ڈی نے اٹھا لیا ، سی سی ڈی پولیس لاہور ہائیکورٹ میں انڈر ٹیکنگ دے چکی ہے کہ ملزم کی گرفتاری نہیں چاہیے ،سی سی ڈی نے عدالت میں غلط بیانی کی ،عدالت شہری نعمان کو فوری بازیاب کرانے کا حکم دے ،دوران سماعت سی سی ڈی کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا نعمان قیصر کی حراست غیر قانونی نہیں ،نعمان قیصر کو ڈکیتی کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا اور اس سلسلے میں مدعی نے نعمان قیصر کی شناخت بھی کرلی ہے۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا مدعی عدالت میں حاضر ہوا؟ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ جی سر آ گیا ہے ، عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ مدعی کا کیا نام ہے ؟ پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مدعی کا نام رمیض ہے ، عدالت نے مدعی سے استفسار کیا کہ ملزم نعمان قیصر کو آپ نے شناخت کیا ،مدعی نے عدالت کو بتایا کہ جی سر میں نے ہی کیا ہے ،اس موقع پر نعمان قیصر کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ جنوری میں سی سی ڈی نے کہا کہ نعمان ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ،یہ جس مقدمہ کا ذکر کر رہے ہیں یہ سولہ جنوری کو درج ہوا،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا مدعی اس مقدمہ کے علاوہ کسی اور مقدمہ میں مدعی ہے ؟ پراسیکیوٹر کا موقف تھا کہ نہیں سر ،اسکے علاوہ کسی اور مقدمہ میں یہ مدعی نہیں ہے ، وکیل مدعی نے عدالت سے استدعا کی کہ سر پندرہ دن کی ڈیٹ دے دیں تاکہ انہوں نے جو بھی کرنا ہے اس دوران کر لیں،ہمیں خدشہ ہے کہ نعمان قیصر کو پولیس مقابلہ میں نہ مار دیاجائے ،عدالت نے واضح کیا کہ آپ بے فکر ہو جائیں ،عدالت اس مقدمہ کو خو ددیکھ رہی ہے ، عدالت نے کیس کی سماعت 25فروری تک ملتوی کرتے ہوئے سی سی ڈی سے رپورٹ طب کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں