اقتدار مستقل نہیں ،آج تمہاری کل ہماری باری ،ہر ظلم کا حساب لیں گے:سہیل آفریدی
ہم غیرت مند اور بہادر ہیں بے وقوف نہیں ،78سال ب سے بندوق پڑھایاگیا،ہم جوانوں کو ق سے قلم سکھائیں گے خیبر پختونخوا کے مفاد کیخلاف ہر پالیسی کی مخالفت کرینگے ،عوام کے حقوق کیلئے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا:خطاب
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اقتدار مستقل نہیں ہوتا، آج تمہاری کل ہماری باری ہوگی ہر ظلم کا حساب لیں گے ۔ گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جمرود میں شعبہ اپلائیڈ سائنسز کی جانب سے اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہاکہ ہم غیرت مند بھی ہیں اور بہادر بھی لیکن بے وقوف نہیں ہیں، 78 سال میں ہمیں ب سے بندوق پڑھایا گیا، اب ہم اپنے جوانوں کو ق سے قلم سکھائیں گے ،خیبر پختونخوا کے مفاد کیخلاف ہر پالیسی کی مخالفت کرینگے ،عوام کے حقوق کیلئے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔سہیل آفریدی کا کہناتھا۔
کہ عمران خان کے وژن کے مطابق انسانوں پر انویسٹمنٹ کی جائے گی، فیصلے اسلام آباد یا پنڈی سے نہیں بلکہ خیبر پختونخوا کے عوام کے مفاد میں ہوں گے ، صوبائی حکومت عمران خان کے وژن اور پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق فیصلے کر رہی ہے ،نیشنل میڈیا سچ نہیں دکھا سکتا تو کم از کم جھوٹ بھی نہ دکھائے ۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے ہرجتن کرلیا ،جب تمام راستے بند ہوں تو پرامن احتجاج ہی واحد آپشن رہ جاتا ہے ،احتجاج آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے ضم اضلاع کے تمام کالجز کیلئے مفت ٹرانسپورٹ سروس کا اعلان کیا۔ان کا کہناتھاکہ فرسودہ تعلیمی نظام سے بے روزگاروں کی فوج پیدا ہورہی ہے ، جمرود میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس اور سافٹ ویئر انجینئرنگ پروگرامز کا آغاز کر رہے ہیں ، جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے بغیر عالمی ترقی کا مقابلہ ممکن نہیں۔