رمضان بچت فیسٹیول ، 3 لاکھ شہری شریک ہوئے :عظمیٰ

 رمضان بچت فیسٹیول ، 3 لاکھ شہری شریک ہوئے :عظمیٰ

150 سے زائد سٹالز پر 20فیصد تک رعایت، کسی نے شکایت نہیں کی ہر تحصیل میں روزانہ 2 ہزار افراد کیلئے مفت افطاری کا آغاز کر رہے :گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ تین روزہ رمضان بچت فیسٹیول میں 3 لاکھ سے زائد شہریوں کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام حکومتی فلاحی اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،فیسٹیول میں 150 سے زائد سٹالز قائم کئے گئے جہاں اشیائے ضروریہ پر 20فیصد تک رعایت دی گئی ، کسی شہری کی جانب سے قیمتوں یا معیار بارے کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان بچت فیسٹیول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عظمٰی بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت ہر تحصیل میں روزانہ 2 ہزار افراد کیلئے مفت افطاری کا آغاز کر رہی ہے ، نگہبان رمضان کارڈ کے تحت مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے ،رمضان المبارک میں راشن کارڈ کی رقم 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی ، رمضان المبارک میں پنجاب بھر میں 160 خصوصی مراکز فعال ہیں ، 74 رمضان بازار مکمل طور پر آپریشنل ہو چکے ہیں۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر سلمیٰ بٹ اور متعلقہ محکموں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ،وزیراعلیٰ کا ویژن ہے کہ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے ،عید کے موقع پر بھی اسی طرز کے فیسٹیول کے انعقاد کی تجویز زیر غور ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں