لیڈرز عمران کیلئے لڑنا نہیں چاہتے تو سائیڈ پر ہو جائیں:علیمہ
سیاسی معاملات میں مداخلت ،بھائی کی صحت پر سیاست کرنے کا الزام مسترد ڈاکٹروں نے کہا کہ ہم نہ آتے تو آنکھ ضائع،دوسری متاثر ہونیکا خطرہ:انٹرویو
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے پارٹی رہنمائوں سے کہا ہے کہ اگروہ عمران خان کیلئے لڑنا نہیں چاہتے تو سائیڈ پر ہو جائیں،انہوں نے سیاسی معاملات میں مداخلت کا الزام بھی مستر د کردیا ،ایک انٹرویو میں علیمہ خان نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس بیان کی تردید کی کہ وہ عمران خان کی صحت پر سیاست کر رہی ہیں،ان سے دریافت کیا گیا کہ جب بیرسٹر گوہر کو جیل حکام نے بلایا کہ آپ ڈاکٹر کے ساتھ جائیں تو آپ نے روکا، کیا یہ درست ہے ؟ جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ یہ محسن نقوی نے کہا ہوگا،ہمیں یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ کوئی جیل میں جا رہا ہے ، ہمیں یہی تو جھٹکا ملا ہے ، عمران خان کو ڈیل کی آفر سے متعلق سوال پر جواب دیا صرف ایک کا مجھے معلوم ہے جب چار اگست کو کہا گیا کہ آپ ملک چھوڑ کر چلے جائیں۔
جس پر عمران خان نے کہا مجھ پر بنائے گئے سارے کیسز جھوٹے ہیں اور میں ان کا سامنا کروں گا۔ علیمہ خان نے کہا کہ پمز کی ٹیم نے جب بانی کا معائنہ کیا تو انہیں بتایا کہ اگر ہم نہ آتے تو آپ کی آنکھ مکمل طور پر ضائع ہو جاتی،علیمہ خان نے کہا ہمیں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اگر ایک آنکھ میں یہ مسئلہ ہے تو دوسری میں بھی متاثر ہو جائے گی ،بیٹوں سے گفتگو کے دوران عمران خان پریشان تھے کہ انہیں ایک آنکھ میں نظر نہیں آ رہا، دوسری آنکھ میں بھی ایسا ہو نے کا خطرہ ہے ،اس سوال کہ عمران خان کو جس کیس میں سزا ہوئی ہے اس سے متعلق اہم دعویٰ سامنے آیا ہے کہ وہ ہار آپ کے پاس ہے ، آپ تصدیق یا تردید کریں گی؟ علیمہ خان نے جواب دیا عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا ،اس کو چھوڑیں۔