پنجاب :بچے غذائی قلت کا شکار، حکومت کی شاہ خرچیاں:حافظ نعیم

 پنجاب :بچے غذائی قلت کا شکار، حکومت کی شاہ خرچیاں:حافظ نعیم

وزیراعلیٰ نے طیارہ خرید لیا، انکے پاس عوامی فلاح کا کوئی پروگرام نہیں:بیان

لاہور (سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو اپنے استعمال کیلئے مہنگا اور پرتعیش طیارہ خریدنے اور عوام کی حالت زار کے باوجود حکمران طبقہ کی سرکاری وسائل پر جاری عیاشیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر انہوں نے قومی میڈیا پر ایک ہی روز شائع ایک طرف حکومت پنجاب کے طیارہ خریدنے اور دوسری جانب صوبہ میں غذائی قلت کے شکار بچوں اور خواتین کی تعداد میں شدید اضافہ کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکمرانوں کی عیاشیاں جاری ہیں، ان کے پاس عوام کی بہبود کا کوئی پروگرام نہیں،پنجاب میں جہاں غذائی قلت کا شکار بچوں اور خواتین کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہورہا ،وہیں وزیر اعلٰی کیلئے 10 ارب کی لاگت سے نیا طیارہ خرید لیا گیا۔

ابھی کچھ روز قبل ہی چچا وزیراعظم نے محض دس ارب روپے کی نیٹ رقم میں PIA کا پورا ادارہ بیچا اور خوب جشن منایا ، اب بھتیجی وزیراعلیٰ نے پُرتعیش اڑان کیلئے بہترین جہاز خرید لیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں،پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کی پنشنز میں کٹوتی کردی ، ہزاروں سکولوں اور بنیادی مراکز صحت پرائیویٹ کرکے بالآخر جان چھڑائی جارہی لیکن مجال ہے حکمرانوں کی مراعات اور عیاشیوں میں کوئی کمی آئے ۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ملک میں آخری چھ سال میں غربت 21اعشاریہ9 فیصد سے بڑھ کر 28اعشاریہ8 فیصد پر پہنچ گئی گویا اصلاً اضافہ 31اعشاریہ5 فیصد ہوا ۔ ایک طرف ملکی قرضہ آسمان کو چھو رہا تو دوسری طرف غربت کا گراف ریکارڈ تیزی سے اوپر جارہا ہے یہ ہے حکمران اتحاد کی رپورٹ کارڈ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں