غضب للحق:افغان طالبان اور خوارج کے 4دہشتگرد ٹھکانے،فوجی تنصیبات تباہ
کابل میں 313 کور کا انفراسٹرکچر،قندھار ایئر فیلڈ کی آئل سٹوریج سائٹ،تراوو اور شیرنا دہشتگرد کیمپ نشانہ بنے افغان طالبان کے 663 کارندے مارے جاچکے ، 887 زخمی ، 249چیک پوسٹیں تباہ ،44 پر قبضہ:وزیر اطلاعات
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)آپریشن \"غضب للحق\" کے تحت پاک افواج کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران افغانستان میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں پر کامیاب فضائی حملے کیے گئے ہیں، جبکہ ان کارروائیوں کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق 12 اور 13 مارچ کی درمیانی شب پاک افواج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج سے منسلک چار دہشت گرد ٹھکانوں سمیت فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے اہم مراکز کو ہدف بنایا گیا۔فضائی حملوں کے دوران کابل میں 313 کور کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جبکہ قندھار میں موجود تراوو دہشت گرد کیمپ کو بھی موثر انداز میں تباہ کیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں قندھار ایئر فیلڈ کی آئل سٹوریج سائٹ اور اس سے ملحقہ لاجسٹک انفراسٹرکچر کو بھی تباہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس آئل سٹوریج سائٹ کا تیل طالبان رجیم اور دہشت گرد تنظیمیں اپنی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہی تھیں۔
ایک اور فضائی حملے میں صوبہ پکتیا میں واقع شیرِنا دہشت گرد کیمپ کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاک افواج نے کارروائی کے دوران صرف فوجی تنصیبات اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ہی نشانہ بنایا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو اس پروپیگنڈے کو بھی مسترد کرتی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ افغانستان میں سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔دریں اثنا شمالی وزیرستان کے قریب صدق گاؤں میں دہشت گردوں کی دراندازی کی ایک اور کوشش کو بھی پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلا اشتعال جارحیت کے بعد افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو ہر محاذ پر بھرپور پسپائی کا سامنا ہے ، جبکہ آپریشن \"غضب للحق\" کے تحت کارروائیاں طے شدہ اہداف کے مکمل حصول تک جاری رہیں گی۔وزیر اطلاعات نے پاک فوج کے افغانستان میں جاری آپریشن غضب للحق سے متعلق آج تک کے اعداد و شمار جاری کردئیے جس کے مطابق افغانستان میں تاحال افغان طالبان رجیم کے 663 کارندے مارے جاچکے ہیں اور 887 زخمی ہیں۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ افغان طالبان کی 249 چیک پوسٹیں تباہ کردی گئیں اور 44 پر قبضہ کرلیا گیا ہے ، طالبان کے 224 ٹینک، آرمرڈ وہیکل اور آرٹلری گنز تباہ کردی گئیں، دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں پر 70 فضائی حملے کیے گئے ۔