ایم ڈی آئی ایم ایف ، وزیر خزانہ ملاقات، اصلاحات کو سراہا

 ایم ڈی آئی ایم ایف ، وزیر خزانہ ملاقات، اصلاحات کو سراہا

ترقی پذیر ممالک قرضوں کے دباؤ کا شکار،سرمایہ کاری صلاحیت متاثر ہو رہی ،وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب سے یو این سیکرٹری جنرل بھی ملے ،مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو

 واشنگٹن( نیوز ایجنسیاں )آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی اور پاکستان کی معاشی اصلاحات میں پیش رفت کو سراہا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اصلاحاتی پروگرام پر مؤثر عملدرآمد کے باعث معاشی استحکام برقرار رکھنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ مضبوط معاشی پالیسیاں اور گہری ساختی اصلاحات کا تسلسل، پائیدار معاشی ترقی کے حصول اور عوام کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کیلئے نہایت ضروری ہیں۔ دوسری جانب وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں قرض دہندگان کے پلیٹ فارم کے اجرا میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک قرضوں کے دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں جس سے ان کی سرمایہ کاری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اندرونی اصلاحات جاری ہیں تاہم عالمی مالیاتی نظام کی ساختی رکاوٹیں قرض لینے والے ممالک کی پالیسی گنجائش محدود کرتی ہیں۔ مزید برآں وزیر خزانہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے کردار اور عالمی امن کے لیے اس کی کوششوں کو سراہا۔علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے صدر اے ڈی بی ماساتو کاندا سے بھی ملاقات کی جس میں مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھا ؤ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں