وناسپتی مینوفیکچررز کا اجلاس، انڈسٹری کودرپیش چیلنجز پرغور

وناسپتی مینوفیکچررز کا اجلاس، انڈسٹری کودرپیش چیلنجز پرغور

کوکنگ آئل انڈسٹری فوڈ سپلائی چین کا اہم ستون، مسائل سے دباؤ کا شکار، اسجد عارف

کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے ) کا غیرمعمولی جنرل باڈی اجلاس چیئرمین شیخ عمر ریحان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں گھی و کوکنگ آئل انڈسٹری کو درپیش چیلنجز، حکومتی پالیسیوں، خام مال کی صورتحال، ٹیکسز، ریگولیٹری امور اور صنعت کی موجودہ معاشی صورتحال خاص طور پر مال برداری میں درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پی وی ایم اے کے سینئر وائس چیئرمین اسجد عارف، وائس چیئرمین شیخ خالد اسلام، وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی سلمیٰ بٹ، معروف تاجر رہنما و سابق صوبائی وزیر ایس ایم تنویر سمیت ملک بھر سے صنعتکاروں اور ایسوسی ایشن کے ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی وی ایم اے شیخ عمر ریحان نے کہا کہ گھی اور کوکنگ آئل انڈسٹری ملک کی فوڈ سپلائی چین کا ایک اہم ستون ہے ، تاہم موجودہ معاشی حالات، بڑھتی پیداواری لاگت، درآمدی خام مال کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، پٹرولیم مصنوعات میں مسلسل ردوبدل سے مال برداری کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیش آنے والی مشکلات اور مختلف ریگولیٹری مسائل کے باعث صنعت شدید دباؤ کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کیلئے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور مؤثر پالیسی سازی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ صنعت معیاری اور محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے ، تاہم کاروباری لاگت میں مسلسل اضافے اور پالیسی عدم استحکام کے باعث صنعتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں