مریم نواز کے نقش قدم پر چلیں گے :نئے گورنرسندھ
شرارت نہیں قائد اعظم کی سیاست ہوگی ہم سیاسی لوگ،متحدہ کومنا لیں گے نہال ہاشمی نے حلف اٹھا لیا،بلاول ،وزیراعلیٰ کی مبارکباد،مزار قائد پر حاضری
کراچی (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)نو منتخب گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ شرارت کی نہیں قائد اعظم کی سیاست کریں گے ۔ گورنر کا حلف اٹھانے کے بعد مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی کا کہنا تھا سندھ کی ترقی کیلئے مریم نواز کے نقش قدم پر چلیں گے ،ہمارے آباو اجداد نے بہت قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا ہم سیاسی لوگ ہیں مل بیٹھ کر مسائل حل کریں گے ، ایم کیو ایم والے ہمارے پاکستانی ہیں، ہم ان کو پہلے بھی مناتے رہے ہیں، ناراضگی چھوٹی چیز ہے ان کو منا لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں گورنر ہاؤس پہنچا تو راشن وغیرہ وہ سب پہلے سے سمیٹ چکے تھے ، وفاق کے ادارے فعال ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا شرارت کی سیاست نہیں قائد اعظم کی سیاست کریں گے ، ایمانداری اورخلوص سے خدمت کی جائے تو نواز شریف جیسا نتیجہ نکلتا ہے ،آج کے دن سندھ کے لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے ۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت نے نہال ہاشمی سے گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نہال ہاشمی کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی نہال ہاشمی کو گورنر سندھ مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔