بلوچستان :سکیورٹی فورسز کی کارروائی ، خاتون خود کش بمبار گرفتار

بلوچستان :سکیورٹی فورسز کی کارروائی ، خاتون خود کش بمبار گرفتار

کمانڈر ابراہیم نے ذہن سازی کی، ڈاکٹر صبیحہ سے ملوانا تھا پکڑی گئی :خاتون بمبار عوام دہشتگردی قبول نہیں کرتے ،ریاست اپنی رٹ قائم کرنا جانتی :سرفراز بگٹی

 کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن کرتے ہوے خودکش خاتون بمبار کو گرفتار کر لیا ہے ، صوبے کے عوام اب دہشتگردی کو قبول نہیں کرتے اور خود حکومت کے ساتھ حسا س معلومات شیئرکررہے ہیں ۔ بلوچ غیرت مند قوم ہے جسے لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا گیا ہے ، ریاست اپنی رٹ قائم کرنا جانتی ہے ، صوبائی وزیرداخلہ میر ضیا لانگو کے ہمراہ پریس کانفرنس کے د وران انہوں نے سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی بلوچستان میں امن و سلامتی کے لیے اہم ہے ،افغانستان دہشتگردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ ہے ۔

سکیورٹی اداروں کی کامیاب کارروائی نے بڑی تباہی سے بچا لیا۔ گرفتار خاتون لائبہ نے اس دوران اپنا بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع خضدار سے تعلق رکھتی ہے ، گھر میں اور گاؤں میں لوگ فرزانہ کے نام سے جانتے ہیں، اسے طالبان کمانڈر ابراہیم نے خودکش بمباری کیلئے ذہن سازی کے بعد تیار کیا تھا۔ کمانڈر ابراہیم نے میرا رابطہ دل جان سے کروایا، جس نے مجھے بی وائی سی (بلوچ یکجہتی کمیٹی) کی رہنما ڈاکٹر صبیحہ سے ملوانا تھا۔ مجھے خودکش مشن کے لیے تیار کیا گیا تھا، لیکن گرفتار ہوگئی۔ مجھے ٹارگٹ دیا گیا تھا کہ مزید لڑکیوں کو خود کش حملوں کیلئے تیار کروں، لیکن میں تمام خواتین سے کہوں گی کہ کسی غلط سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس میں معصوم جانیں محفوظ رہیں ۔ معصوم بچوں کی ذہن سازی کو شدت پسندی کی طرف جانے سے روکنے کے لیے حکومت اور ادارے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں