راولپنڈی:حساس مقامات پر اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے پر غور
راولپنڈی(این این آئی)راولپنڈی میں حساس مقامات اور اہم عمارتوں پر اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے پر غور کیا جانے لگا۔ اس حوالے سے آر پی او خالد ہمدانی کی سربراہی میں ریجنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں چینی منصوبوں، حساس سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کی سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کیلئے جدید اینٹی ڈرون سسٹم اور گنز نصب کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی ماہرین کی رہائش گاہوں، ان کے کام کرنے کے مقامات اور آمدورفت کے راستوں پر سکیورٹی کو انتہائی سخت اور محفوظ بنایا جائے گا۔آر پی او خالد ہمدانی نے سپیشل برانچ کو تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز، ان کے عملے اور پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کا مکمل اور بلا تفریق آڈٹ کرنے کا حکم دیا، جس میں بتایا گیا کہ سکیورٹی گارڈز کی تصدیق لازمی ہوگی۔اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا گیا کہ وہ سکیورٹی خدشات کی نشاندہی اور معلومات کے تبادلے کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں،سپیشل برانچ کو ممکنہ خطرات کم کرنے کے لیے جامع سروے کرنے کا ٹاسک بھی سونپا گیا۔