وزیراعظم کی منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اے آئی استعمال کی ہدایت

 وزیراعظم کی منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اے آئی استعمال کی ہدایت

بینکوں اور قانون نافذ اداروں میں معلوماتی تبادلہ جدید نظام کے تحت تیز ہوگا تحقیقاتی اداروں کی تحقیقاتی صلاحیت بڑھانے کا منصوبہ 2027 تک مکمل ہو گا

اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزیراعظم شہباز شریف نے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال کی ہدایت دی ہے ۔ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو قانون نافذ کرنے والے اور اینٹی کرپشن اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم کی ہدایت پر فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کے لیے حکمت عملی تیار کرے گا۔

پالیسی کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مالیاتی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور فیڈ بیک کے طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔نئی پالیسی کے مطابق ایف ایم یو بینکوں اور دیگر رپورٹنگ اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی مشتبہ لین دین کی رپورٹس (STRs) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کردہ مالیاتی معلومات سے متعلق فیڈ بیک کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس عمل کو شفاف اور تیز رفتار بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور خودکار نظام (Automation) کی مدد لی جائے گی تاکہ مالیاتی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں کی مؤثر مانیٹرنگ ممکن ہو سکے ۔ منصوبے کا مقصد نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن جیسے اداروں کی مالیاتی تحقیقات کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے ، منصوبے کی تکمیل کے لیے جون 2027 کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں