لاک ڈاؤن نہیں،متوسط طبقے کو پیسے دینگے :وزیر پٹرولیم
ملک میں پٹرول کی قلت ہے نہ کوئی غذائی بحران ہوگا:علی پرویز ملک کھاد فیکٹریوں کو مسلسل گیس دے رہے ،دنیا مہر بخاری کیساتھ میں گفتگو
لاہور(دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ لاک ڈائون کر کے معیشت کا پہیہ سست نہیں کرنا چاہتے ، لاک ڈائون کے بجائے متوسط طبقے کو پیسے دیں گے ، پٹرولیم مصنوعات پر 25 سے 30 ارب کی سبسڈی دی جا رہی ہے ، ملک میں پٹرول کی کوئی قلت نہیں،وزیر اعظم شہباز شریف نے معاملے کو بہت اچھے طریقہ سے ہینڈل کیا، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پاکستان میں کوئی غذائی بحران نہیں ہو گا، کھاد فیکٹریوں کو مسلسل گیس فراہم کی جا رہی ہے ، پاکستان میں یوریا کھاد نہ ہوتی تو عالمی سطح پر 15 ہزار کی بوری لینا پڑتی، پاکستان اور ایران دوست ممالک ہیں، ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں، پابندیوں کی وجہ سے گیس پائپ لائن نہیں بنائی جا سکتی، اپریل کیلئے پٹرول کا بندوبست کر لیا، سعودی عرب اور کویت نے تیل فراہمی میں ہماری بہت مدد کی۔