آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جنگ میں بدل سکتی:عادل نجم
ہرمز کی بندش عالمی معیشت کیلئے بڑا خطرہ ،ایران ہار نہیں سکتا، امریکا جیت نہیں سکتا ٹرمپ کے بیانات دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی :‘‘دنیا مہر بخاری کیساتھ’’میں گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ماہر بین الاقوامی امور ڈاکٹر عادل نجم نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں فریقین کے درمیان طویل عرصے بعد گفتگو ہوئی، جو بدلتے حالات کے تناظر میں سامنے آئی۔ دونوں نے ایک دوسرے کو جانچا اور دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، ایران نے امریکا پر اور امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھایا، موجودہ حالات میں ایران ہار نہیں سکتا اور امریکا جیت نہیں سکتا۔ ایران کے پاس کھونے کو کم ہے جبکہ امریکا پر عالمی اقتصادی دباؤ بڑھ رہا ہے ، اگرچہ ایران کو جنگ کے باعث زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس کشیدگی کے باعث عالمی معیشت بھی شدید دباؤ کا شکار ہو رہی ہے۔
پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں انہوں نے کہا کہ جاتے ہوئے جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ امریکا کیا چاہتا ہے اور جب ایران تیار ہوگا تو بات آگے بڑھے گی۔ تاہم یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وینس کی واپسی کے بعد امریکا کوئی قدم نہیں اٹھائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پہلے کی نسبت زیادہ سنجیدہ تھے ، تاہم ان کے بیانات میں دھمکی، دباؤ اور محض طاقت کا اظہار (فلیکسنگ) سب شامل ہوتے ہیں۔ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر امریکا ایسا کرتا ہے تو یہ ایک \"ایکٹ آف وار\" تصور ہوگا۔ اگر امریکا ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کرتا ہے تو اس کے پیچھے دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی ہو سکتی ہے ، تاہم سوال یہ ہے کہ ایران اس کا کیا جواب دے گا۔ اگر امریکی بحریہ متحرک ہوتی ہے تو ایران کے پاس بھی مختلف آپشنز موجود ہونگے ۔