قائمہ کمیٹی قومی ورثہ:پی این سی اے بورڈ ممبرز کے سی وی طلب
آٹھ بورڈ ممبرز کا کلچر مینجمنٹ سے تعلق، فنکاروں کو شامل کیا جانا چاہیے :ارکان کمیٹی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، اپنے رپورٹرسے )سینیٹ قائمہ کمیٹی قومی ورثہ و ثقافت کے چیئرمین ہدایت اللہ خان کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس، نیشنل لائبریری آف پاکستان اور نیشنل لینگوئج پروموشن ڈیپار ٹمنٹ کے کردار، ذمہ داریوں، بجٹ اور قومی زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس نے بتایا کہ لاہور، کراچی، گلگت، کوئٹہ اور جامشورو میں علاقائی دفاتر ہیں۔
اراکین نے کہا خیبر پختونخوا کا دارالحکومت پشاور شامل نہیں، کمیٹی نے فیصلہ کیا اس حوالے سے صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کو خط لکھا جائے ۔ اراکین نے اس پر تشویش کا اظہار کیا کہ آٹھ بورڈ ممبرز کا تعلق کلچر مینجمنٹ سے ہے حالانکہ فنکاروں کو شامل کیا جانا چاہیے ۔ کمیٹی نے گزشتہ تین سال کے اخراجات اور آمدن کی تفصیلات طلب کر لیں۔ سیکرٹری وزارت نے بتایا آئندہ سال 10 ارب روپے بجٹ رکھنے کی تجویز ہے۔