ریڈزون میں آج بھی ورک فرام ہوم،آئینی عدالت،ہائیکورٹ بند
ضرورت کے مطابق ہی عملہ دفترآئیگا،وفاقی آئینی عدالت کی کازلسٹ منسوخ رجسٹرار آفس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالتیں معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گی
اسلام آباد(دنیا نیوز)اسلام آباد ریڈ زون میں قائم وزارتوں کے دفاتر کاعملہ آج گھر سے کام کرے گا،جبکہ وفاقی آئینی عدالت اوراسلام آبادہائیکورٹ آج بھی بند رکھنے کافیصلہ کیا گیاہے ، کابینہ ڈویژن کی جانب سے ریڈ زون میں قائم دفاتر اور وزارتوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ،جس میں کہا گیاہے کہ ضرورت کے مطابق ہی عملہ دفتر آئے گا،ایڈیشنل رجسٹرار وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈزون بندش کی وجہ سے آج عدالت بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اوروفاقی آئینی عدالت کی کازلسٹ کو منسوخ کردیا گیا ہے ، وفاقی آئینی عدالت کی تمام برانچ رجسٹریاں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج بھی جوڈیشل ورک نہیں ہوگا، رجسٹرار آفس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالتیں معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گی۔