2پاکستانی چین کے خلائی پروگرام کیلئے منتخب،ایک خلا میں جائیگا

 2پاکستانی چین کے خلائی پروگرام کیلئے منتخب،ایک خلا میں جائیگا

محمد ذیشان علی اور خرم داؤد ریزرو خلا بازوں کے طور پر تربیت کیلئے چین روانہ تربیت کے بعد ایک تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بنے گا مشن کیلئے پاکستان کا انتخاب دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کا مظہر :وزیر اعظم

اسلام آباد (اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک ) چین نے اپنے انسانی خلائی پروگرام کے لیے دو پاکستانی خلا بازوں کو امیدوار کے طور پر منتخب کر لیا ، چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق دونوں خلاباز محمد ذیشان علی اور خرم داؤد ریزرو خلا بازوں کے طور پر تربیت کے لیے چین روانہ ہو گئے ، پاکستانی خلابازوں میں سے ایک خلائی مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ حصہ لے گا اور چین کے خلائی سٹیشن میں جانے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بنے گا،سرکاری خبر ر ساں ادارے شینوا نے اسے چینی خلائی سٹیشن میں بین الاقوامی تعاون کی ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے ، تمام تربیت اور جائزوں کی تکمیل کے بعد ان میں سے ایک تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بنے گا ، سپارکو نے انسانی خلائی مشن پروگرام میں اہم پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت پاکستان کے خلائی تحقیق کے سفر میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

پاکستان ان محدود ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو انسانی خلائی پروازوں کے پروگرام میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، بیان میں کہا گیا کہ پاکستان پہلی مرتبہ چائنہ سپیس سٹیشن کے مشن میں شرکت کی تیاری کر رہا ہے ، یہ مشن 2026 کے آخر میں متوقع ہے جس میں ایک پاکستانی خلا باز چائنہ سپیس سٹیشن پر مشن کے دوران مائیکرو گریویٹی میں متعدد سائنسی تجربات انجام دے گا، ان تجربات کا دائرہ کار اہم شعبوں پر مشتمل ہوگا جن میں مٹیریل سائنس، فلوئڈ فزکس، لائف/بائیو سائنس اور بائیو ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ ان تحقیقات کے نتائج ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے ، غذائی تحفظ کے فروغ اور صنعتی جدت کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سپارکو کی گہری خلائی تحقیق کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت کو سراہا ہے ، وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اور لازوال دوستی کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انسانی خلائی مشن میں شرکت کے لئے پاکستان کا انتخاب دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کا ایک اور عملی مظہر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں