پٹرول مہنگا، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کردیا
مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز 3سے 4 فیصد اضافے پر متفق :سیکرٹری آر ٹی اے پٹرولیم قیمتیں بڑھنے پر گڈز ٹرانسپورٹر ز نے بھی کرایوں میں 10فیصد اضافہ کردیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، آئی این پی)ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا ۔ نئے کرایوں کا اطلاق آج سے ہوگیا ۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آپریٹنگ اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا۔ دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعدکرایوں میں اضافے کیلئے ٹرانسپورٹ ہائوس میں اہم بیٹھک ہوئی،سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹرانسپورٹرز کے مابین مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 3سے 4 فیصد اضافے پر اتفاق کرلیا۔سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے اس موقع پر کہا کہ کسی کو من مانے اضافے کی اجازت نہیں دیں گے ،4 فیصد سے زائد کرایہ وصولی پر سخت کارروائیاں ہوں گی جبکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کرنے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں اضافے کا اعلان کردیا گیا۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے ۔وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں ٹرانسپورٹرز بے روزگاری کا شکار ہو رہے ہیں۔ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے تو کم از کم ٹول ٹیکس سمیت دیگر اضافی ٹیکسز کو ختم کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو کچھ ریلیف مل سکے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کے تمام چالان ختم کیے جائیں اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں بھی ریلیف دیا جائے ۔