مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ، قائم مقام صدر
گیلانی سے فضائیہ کے آفیسرز کی ملاقات، دفاعی خود انحصاری پر گفتگو امن، سلامتی،جمہوری تسلسل بہادر بیٹوںکی بدولت قائم،یوم شہدا پر پیغام
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران کے ایک وفد نے ملاقات کی۔وفد میں ایئر مارشل کاشف قمر، ایئر وائس مارشل برہان عزیز ،ایئر وائس مارشل لیاقت اللہ اقبال اور گروپ کیپٹن بلال احمد (بیس کمانڈر ملتان) شامل تھے ۔ملاقات میں قومی سلامتی، دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، تحقیق و ترقی، جدت اور دفاعی خودانحصاری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرانہوں نے کہا سکیورٹی تقاضوں کے پیش نظر قومی اداروں کے مابین مؤثر اشتراکِ کار اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے ۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع میں اس کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہیں، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔دریں اثنا قائم مقام صدرنے یومِ شہدا پر وطن کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا امن، سلامتی اور جمہوری تسلسل اس کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کی قربانیوں کی بدولت قائم ہے ۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دکھائی جانے والی ہمت و استقامت نے ریاست کی رٹ کو فیصلہ کن طور پر مستحکم کیا۔