سبسڈائزڈ الیکٹرک گاڑیوں کے پروگرام کا دوسرا مرحلہ

سبسڈائزڈ الیکٹرک گاڑیوں کے پروگرام کا دوسرا مرحلہ

76ہزار بائیکس،2170رکشے لوڈرز سستے داموں ملیں گے ،پہلے آئیں پہلے پائیں اپنا گھر پروگرام میں توسیع، اسلام آباد دانش سکول کیلئے 35کروڑ منظور:ای سی سی

اسلام آباد (مدثر علی رانا) وفاقی حکومت نے نئی توانائی گاڑیوں پالیسی 2025-30 کے تحت پاکستان ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن پروگرام کے دوسرے مرحلے کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  حکومت نے 2025-26کیلئے اس پروگرام کے تحت 9 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ پروگرام کے ذریعے الیکٹرک بائیکس، رکشوں اور لوڈرز کی خریداری پر سبسڈی دی جا رہی ہے ۔ پہلے مرحلے میں عوام کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی اور مجموعی طور پر 2لاکھ 69ہزار 149 درخواستیں موصول ہوئیں۔ یکم اکتوبر 2025 کو الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے 41000 کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں 76ہزار الیکٹرک بائیکس اور 2170 رکشے و لوڈرز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

درخواست گزار سیلف فنانس سکیم میں مکمل رقم ادا کرنے کے بجائے سبسڈی کی کٹوتی کے بعد باقی رقم ادا کر کے براہ راست کمپنی سے گاڑی حاصل کر سکیں گے۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے بھی ایک خصوصی سیلف فنانس سکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت گریڈ 16 اور اس سے کم درجے کے ملازمین صرف 10 ہزار روپے (الیکٹرک بائیک) یا 1 لاکھ روپے (رکشہ/لوڈر) بطور ابتدائی ادائیگی دے کر گاڑی حاصل کر سکیں گے ۔ باقی رقم ماہانہ اقساط میں تنخواہ سے کٹوتی کے ذریعے ادا کی جائے گی جبکہ اس پر کوئی اضافی سود یا چارجز نہیں ہوں گے ۔ اس سکیم کو مستقبل میں مسلح افواج اور صوبائی ملازمین تک بھی توسیع دی جا سکتی ہے ۔ایک اور تبدیلی کے تحت قرعہ اندازی کے نظام کو ختم کر کے پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر درخواستوں کی پروسیسنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے اس پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری کیلئے سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظور کرا لی۔ پہلے مرحلے میں 219 طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دی گئیں جبکہ دوسرے مرحلے میں ملک بھر کے 26 تعلیمی بورڈز کے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے تقریباً 600 طلبہ میں مفت الیکٹرک بائیکس تقسیم کرنے کی تجویز ہے ۔وزیر خزانہ اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع، نیشنل سٹیل کمپلیکس لمیٹڈ کی بحالی کیلئے گیس فراہمی، ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کیلئے 2.5 ارب روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ، اسلام آباد میں دانش سکول کے اخراجات کیلئے 35 کروڑ روپے ، نارووال میں فیض احمد فیض کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپے اور جشن آزادی و معرکۂ حق کی تقریبات کیلئے 5 کروڑ 96 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں