لاہور ہائیکورٹ :انتظامی امور سے متعلق 34کمیٹیاں تشکیل
چیف جسٹس عالیہ نیلم انرولمنٹ کمیٹی ، جسٹس فیصل امتحانات کمیٹی کے سربراہ ہونگے
لاہور (کورٹ رپورٹر،اے پی پی )لاہور ہائیکورٹ نے ججز اور انتظامی امور سے متعلق 34 کمیٹیاں تشکیل دیدیں ، 35 ججز کو مختلف اضلاع کا انسپکشن جج تعینات کردیا گیا ،جبکہ ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کے 7سینئر ججز کومختلف انتظامی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں۔ چیف جسٹس کی منظوری کے بعدکمیٹیوں سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم سپریم کورٹ کے وکلا کے فٹنس سرٹیفکیٹ اور انرولمنٹ کمیٹی کی سربراہ ہوں گی، جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس صداقت علی کمیٹی میں شامل ہوں گے ۔جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس محمد وحید خان کو ججز میڈیکل الاؤنس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ، جسٹس فیصل زمان خان ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ ججز کے محکمہ امتحانات کی کمیٹی کی سربراہی کریں گے ،جسٹس وحید خان اور جسٹس سلطان تنویر بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
بار اینڈ بینچ کوآرڈینیشن کمیٹی کی سربراہی جسٹس صداقت علی خان کریں گے ،جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس صادق محمد خرم کمیٹی کے ارکان ہوں گے ۔ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی کارکردگی کا جائزہ لینے والی کمیٹی کی سربراہی جسٹس شہرام سرور چودھری کو سونپی گئی ہے ،جبکہ پنجاب کی عدلیہ میں خواتین سے متعلق کمیٹی کی سربراہی جسٹس عبہر گل کریں گی۔ دریں اثناء چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم لاہور سمیت تمام اضلاع کی انسپکشن جج ہونگی۔جسٹس عابد عزیز شیخ راولپنڈی ، جسٹس صداقت علی خان سرگودھا ،جسٹس شہباز رضوی گوجرانوالہ ،جسٹس فیصل زمان ملتان ،جسٹس مسعود عابد نقوی فیصل آباد ،جسٹس مرزا وقاص رؤف ساہیوال ،جسٹس چودھری محمد اقبال شیخوپورہ اور جھنگ،جسٹس شہرام سروربہاولپور اور اوکاڑٰہ ،جسٹس ساجد محمود سیٹھی بہاولنگر،جسٹس جواد حسن اٹک اور جسٹس طارق سلیم شیخ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے انسپکشن جج ہونگے۔
اسی طرح جسٹس مزمل اختر شبیر خانیوال ،جسٹس فاروق حیدر قصور اور جہلم ،جسٹس وحید خان حافظ آباد اور ننکانہ صاحب ،جسٹس رسال حسن سید نارووال ، جسٹس عاصم حفیظ پاکپتن ،جسٹس صادق محمد رحیم یار خان،جسٹس احمد ندیم ارشد بھکر،میانوالی،ڈی جی خان اور مظفر گڑھ ،جسٹس طارق ندیم لودھراں ،جسٹس امجد رفیق راجن پور ،جسٹس عابد حسین چٹھہ چکوال اور خوشاب ،جسٹس انوار حسین وہاڑی ،جسٹس علی ضیا باجوہ گجرات اور جسٹس سلطان تنویر احمد سیالکوٹ کے انسپکشن جج مقرر کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں چیف جسٹس عالیہ نیلم کیس مینجمنٹ، ہائیکورٹ اسٹیبلشمنٹ اور دیگر انتظامی امور کی نگرانی کرینگی،ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے معاملات بھی براہِ راست دیکھیں گی،صوبائی جسٹس کمیٹی اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی چیئرپرسن بھی ہوں گی، سینئر ترین جج جسٹس عابد عزیز شیخ کو گارڈین کورٹس، اینٹی کرپشن عدالتوں، کمرشل سیشن کورٹس سمیت دیگر عدالتوں کا مانیٹرنگ جج،جسٹس شہباز علی رضوی کو انسداد دہشت گردی عدالتوں، سپیشل کورٹس اورسپیشل سینٹرل کورٹس ،جسٹس فیصل زمان خان کو صارف عدالتوں، ڈرگ کورٹس اور جیلوں سے متعلق امور ،جسٹس مسعود عابد نقوی کو پنجاب ٹربیونلز، لائیوسٹاک ٹربیونلز، ایل ڈی اے اورلیبرکورٹس جبکہ جسٹس شاہد کریم کو ڈسٹرکٹ جوڈیشری، بار ایسوسی ایشنز، ہائیکورٹ ٹرانسپورٹ اور احتساب عدالتوں کے امور کا مانیٹرنگ جج مقرر کیا گیا ہے۔