سندھ کابینہ:30ارب کا ترقیاتی پروگرام منظور،کراچی میں 500 ایکڑپرمیگا قبرستان بنے گا
کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 30 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی، فلاحی اور اصلاحاتی ایجنڈے کی منظوری دی، جس میں انفرااسٹرکچر، صحت، طرز حکمرانی، تعلیم اور عوامی ریلیف کے لیے فنڈز، گرانٹس اور ادارہ جاتی اقدامات شامل ہیں۔
کابینہ کی منظوری سے وزیر اعلیٰ نے کراچی، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں ماہی گیر برادری کو فوری مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے 515 ملین روپے کے فیول سبسڈی پیکیج کی منظوری دی۔کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو شہر کی 24 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز میں سڑکوں کی بحالی کے لیے 6.5 ارب روپے بطور گرانٹ اِن ایڈ دئیے گئے ۔صوبائی دارالحکومت میں تدفین کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ نے ضلع ملیر کے دیہہ میٹھا گھر میں 500 ایکڑ اراضی میگا قبرستان کے لیے مختص کرنے کی منظوری دی جو محکمہ بلدیات کے نام الاٹ کی جائے گی۔