قائمہ کمیٹی دفاع نے ا یئر پورٹس اتھارٹی ترمیمی بل کی منظوری دیدی

قائمہ کمیٹی دفاع نے ا یئر پورٹس اتھارٹی ترمیمی بل کی منظوری دیدی

ا یئر پورٹس اپ گریڈیشن جاری ،جلد د بئی، ابوظہبی کو پیچھے چھوڑ دینگے ، سیکرٹری دفاع

 اسلام آباد (سید ظفر ہاشمی ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں پاکستان ا یئر پورٹس اتھارٹی ترمیمی بل 2026 منظور کر لیا گیا ،تاہم بل کی منظوری سے قبل چیئرمین کمیٹی فتح محمد خان کی جانب سے مزید غور کے لئے ذیلی کمیٹی بنانے کی تجویز دی گئی تاہم ار کان نے اسے مسترد کر دیا، جس کے بعد چیئرمین کو ممبران کے دبائو پر بادل ناخواستہ بل کی منظوری د ینا پڑی ، اجلاس کے دوران سیکرٹری دفاع نے رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی بنانے کی تجویز دی، تاہم اعجاز الحق نے اس میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی رکن کو بل پر اعتراض نہیں تو رولز کے خلاف کمیٹی بنانے کی ضرورت نہیں ، انہوں نے کہا کہ چیئرمین کو ار کان کی بات سننا ہوگی ،قواعد کی خلاف ورزی نہیں ہونے دی جائے گی۔استحکام پاکستان پارٹی کے رکن انجینئر گل اصغر خان نے کہا کہ اگر بل کی منظوری پارٹی چیئرمین سے لینا ہے تو وہ بھی اسے اپنی پارٹی قیادت کے پاس لے جائیں گے ، کمیٹی ار کان کی اکثریت کا مؤقف تھا کہ بل میں معمولی ترامیم درکار ہیں، اس لئے اسے ذیلی کمیٹی کے سپرد کرنے کے بجائے فوری منظور کیا جائے ، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ فیصلے کے جو بھی نتائج ہوں گے وہ برداشت کریں گے۔

سیکرٹری دفاع نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں 42 ا یئر پورٹس ہیں جن میں سے 26 مکمل طور پر فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ا یئر پورٹس کی تیز رفتار اپ گریڈیشن جاری ہے جلد پاکستان کے ا یئر پورٹس خطے کے بڑے مراکز کا مقابلہ کریں گے ۔ہم جلد ہی د بئی اور ابوظہبی کو پیچھے چھوڑ دیں گے ، ان کے مطابق کئی ا یئر پورٹس ایسے تھے جن کی 25 سے 30 برس سے اپ گریڈیشن نہیں ہوئی تھی، جبکہ اب کراچی ائیرپورٹ پر بھی اے 380 طیارے کی لینڈنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے ، جو پہلے صرف اسلام آباد ا یئر پورٹ پر دستیاب تھی۔اجلاس میں اراکین نے ا یئر پورٹس پر تعینات ایف آئی اے اور کسٹم اہلکاروں کے رویوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔ رکن کمیٹی صبا صادق اور انجینئر گل اصغر خان نے کہا کہ عملے کی مناسب تربیت اور خوش اخلاق اہلکاروں کی تعیناتی ضروری ہے ، سیکرٹری دفاع نے بتایا کہ ان معاملات کا نوٹس لیا جا چکا ہے اور اصلاحات پر کام جاری ہے ۔کمیٹی نے آپریشن معرکۂ حق میں پاک فوج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اراکین نے سیکرٹری دفاع سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی درخواست بھی کی تاکہ انہیں کامیابی پر بالمشافہ مبارکباد دی جا سکے ، سیکرٹری دفاع نے ا یئر پورٹس سے متعلق مزید بریفنگ کے لئے کمیٹی کو آج وزارت دفاع مدعو کر لیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں