پنجاب اسمبلی اجلاس ، 15دن کا خرچہ 6کروڑ سے زائد
ارکان کو اجلاس سے 4 روز پہلے اور 4 روز بعد کا معاوضہ بھی ادا کیا جائیگا ممبران اسمبلی کے ساتھ سٹاف کی بھی موجیں،اضافی ادائیگیاں کی جائینگی
لاہور (یاسین ملک)پنجاب اسمبلی کا پیر کی رات غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہونے والا 15 روزہ اجلاس قوم کو 6 کروڑ سے زائد میں پڑا ، 15 روزہ اجلاس میں کل 15 نشستیں ہوئیں ،جن میں اراکین اسمبلی کی کل 3166 حاضریاں لگائی گئیں،حاضر ہونے والے ان اراکین اسمبلی کو ایک کروڑ 90 لاکھ ملیں گے ، علاوہ ازیں اجلاس شروع ہونے سے 4 روز پہلے اور 4 روز بعد کے 8روز کا معاوضہ بھی ایوان کے تمام369 اراکین کو ایک کروڑ 77 لاکھ 12 ہزار روپے کی صورت میں ملے گا، یوں اس اجلاس کی مد میں اراکین اسمبلی کو کل 3 کروڑ 67 لاکھ 8 ہزار روپے ملیں گے ۔ واضح رہے کہ اراکین کو پنجاب اسمبلی کے ہر اجلاس کے دوران 6000روپے یومیہ 15 روپے فی کلومیٹر آنے اور جانے کا سفر ی الائونس ،کنوینس الائونس ایک ہزار روپے ، ڈیلی الائونس 2 ہزار روپے یومیہ ملتے ہیں ، اضافی ٹریولنگ الائونس 3 لاکھ روپے سالانہ اور جو اراکین سرکاری رہائش نہیں لیتے ان کو 3 ہزار روپے یومیہ بھی دئیے جاتے ہیں۔
اس اجلاس میں اراکین اسمبلی کی حاضری کسی روز بھی سو فیصد نہ رہی ،علاوہ ازیں اسمبلی کے چھوٹے سٹاف کو 300سو روپے تک روزانہ اضافی دئیے جاتے ہیں جبکہ اسمبلی کے بڑے سٹاف کو اجلاس شروع ہونے کے سات روز پہلے اور سات روز بعد کا اضافی اعزازیہ دیا جاتا ہے ، اس اجلاس کے دوران 12 چھٹیاں تھیں یوں پنجاب اسمبلی کے پورے عملہ کو اس اجلاس کا 36 روز کا پورا عزازیہ ملے گا، علاوہ ازیں اجلاس کے دوران پولیس سمیت پنجاب حکومت کے دیگر محکمے بھی متحرک رہتے ہیں جن کا خرچہ بھی سرکاری خزانے سے ہی ادا کیا جاتا ہے یوں اس اجلاس پر کل خرچہ 6کروڑ روپے سے زائد ہوا ۔مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ خان نے اپنے موقف میں کہا کہ گزشتہ اجلاس پر معمول کے مطابق ہی خرچہ آیا ، اس اجلاس کی بڑی اہمیت ہے اس میں 20 بلوں پر قانون سازی ہوئی ہے۔