بغیر تخمینہ ٹینڈر نوٹس پر اضافی سکیورٹی نہیں لے سکتے :آئینی عدالت
ایسی بنیاد پر زر ضمانت ضبط کرنا قانون کے منافی:تفصیلی فیصلہ، رقم واپس کرنیکا حکم پشاور ہائیکورٹ ڈی آئی خان کا فیصلہ برقرار، فرنٹیئر ہائی وے اتھارٹی کی اپیل مسترد
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ اگر سرکاری ٹینڈر نوٹس میں انجینئر کا تخمینہ ظاہر نہ کیا جائے تو کامیاب بولی دہندہ کو اضافی سکیورٹی جمع کرانے کا پابند نہیں بنایا جا سکتا، ایسی بنیاد پر زر ضمانت ضبط کرنا قانون کے منافی ہے ۔ تحریری تفصیلی فیصلہ کے مطابق چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ پر مشتمل بینچ نے فرنٹیئر ہائی وے اتھارٹی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ ڈیرہ اسماعیل خان بینچ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ آئینی عدالت نے قرار دیا چونکہ انجینئر تخمینہ ٹینڈر نوٹس میں شامل ہی نہیں تھا اس لیے بولی دہندہ کو اضافی سکیورٹی جمع کرانے کا پابند نہیں بنایا جا سکتا تھا۔ پشاور ہائیکورٹ نے درست طور پر زر ضمانت ضبطی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے رقم واپس کرنے کا حکم دیا۔ ہائیکورٹ کے فیصلے میں قانونی خامی یا بے ضابطگی ثابت نہیں اس لیے اس میں مداخلت کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے فرنٹیئر ہائی وے اتھارٹی کی اپیل مسترد اور کامیاب بولی دہندہ کو زر ضمانت واپس کرنے کا حکم برقرار رکھا۔