تعلیمی نصاب میں حبِ الوطنی، معرکہ حق کے مضامین شامل ہونگے
نجی تعلیمی اداروں میں بھی معرکہ حق اورقومی یکجہتی کے پروگراموں کو نافذ کیا جائیگا عظمیٰ بخاری کی زیرِ صدارت اجلاس، نفرت انگیز مواد پھیلانے پر کارروائیاں تیز کرنیکا حکم
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیرِ صدارت انفارمیشن سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی یکجہتی کے فروغ اور امن و امان کے قیام پراہم فیصلے کئے گئے ۔ سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ماہم آصف ،ڈائریکٹر لاء شاہد امتیاز و دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئی نسل میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے کیلئے تعلیمی نصاب اور صبح کی دعا میں نیشنلزم کو شامل کیا جائے گا۔ کمیٹی نے نصاب میں معرکہ حق اور وطن پروری پر مبنی مضامین شامل کرنے پربھی اتفاق کیا۔ وزیر اطلاعات نے ہدایت کی کہ نجی تعلیمی اداروں میں بھی معرکہ حق اور قومی یکجہتی کے پروگراموں کو اسی جوش و جذبے سے نافذ کیا جائے جیسے سرکاری اداروں میں کیا جاتا ہے ،محرم کی آمد پروزیر اطلاعات نے نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا اوراعلان کیا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ ملکر خصوصی سیل قائم کرینگے جو سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھے گا۔