ریاست اپنی رٹ قائم کریگی، کالعدم ایکشن کمیٹی کال واپس لے توبات ہوسکتی ہے :وزیر اعظم آزاد کشمیر
مظفرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ریاست اپنی رٹ کو قائم کرے گی، کالعدم ایکشن کمیٹی اپنی کال واپس لے تو ہر طرح سے بات کی جائے گی۔
ٹی وی سے گفتگو میں فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھاکہ قطعاً یہ نہیں کہوں گا کہ آزاد کشمیر کی اس وقت صورتحال اچھی ہے ، ریاست اس وقت ایک امتحان میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ مظاہروں کے دوران جن کی جانیں گئیں ان کی کوئی قیمت نہیں ہوسکتی، ماضی میں جب ہم مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھے تو 14 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں، میری باتوں کو اس وقت ایکشن کمیٹی نے نہ غور سے سمجھا اور نہ سنا۔ان کا کہنا تھاکہ حکومت آزاد کشمیر کے کرادر کو انہوں نے اس مفاہمتی عمل میں لینے سے خود انکار کیا اور کالعدم کمیٹی نے دو ٹوک کہا ریاست آزاد کشمیر کا کردار نہیں چاہیے ، وفاق سے بات کریں گے ، آج ساری تنقید ریاست آزاد کشمیر کی حکومت پر کی جا رہی ہے ۔