میرا پاسپورٹ بلاک، وزیر اعلیٰ پنجاب دورے کر رہیں :سہیل آفریدی

 میرا پاسپورٹ بلاک، وزیر اعلیٰ پنجاب دورے کر رہیں :سہیل آفریدی

مجھے میڈیا پر ایک منٹ کا وقت نہیں دیا جاتا لیکن دیگروزرا اعلیٰ کی گھنٹوں کوریج ہوتی وزیراعلیٰ کاپشاور کیلئے 200 ارب فنڈز مختص کرنیکااعلان ،محرم میں سخت سکیورٹی کی ہدایت

پشاور (نیوز ایجنسیاں )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ میرا پاسپورٹ بلاک ہے لیکن دوسرے صوبے (پنجاب) کی وزیر اعلیٰ 12 ارب کے طیارے پر بیرونی ممالک کے دورے کر رہی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ کچھ  قوتیں خیبر پختونخوا حکومت کو بدنام کرنا چاہتی ہیں اور میرے خلاف پروپیگنڈے کیے گئے تاہم عوام نے ان لوگوں کے پروپیگنڈے کو ناکام بنایا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پر کرپشن کے بے جا الزامات لگائے جا رہے ہیں جس کے پاس کرپشن کے ثبوت ہوں سامنے لے کر آئے ۔

مجھے میڈیا پر ایک منٹ کا وقت نہیں دیا جاتا لیکن دوسرے صوبے کے وزرائے اعلیٰ کی گھنٹوں کوریج ہوتی ہیں ۔ وزیراعلٰی نے پشاور کیلئے 200 ارب روپے فنڈز مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فنڈ سے شہر میں سڑکوں، پلوں، سٹریٹ لائٹس اور صاف پانی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے اور پشاور کو ایک جدید ماڈرن شہر بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ محرم میں سخت سکیورٹی یقینی بنائی جائے ۔امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں بروئے کار لائے جائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں