پاکستانی قیادت عزت سمیٹ رہی، مودی ہر جگہ رسوا:عظمیٰ
طیارے گرنے کا غم تازہ تھا کہ غیرملکوں میں ملے ایوارڈ ز پر بھی سوال اٹھ گئے پنجاب کی 147تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں جلد چلتی نظر آئیں گی:وزیراطلاعات
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے ایک طرف پاکستان کے وزیراعظم اور سپہ سالار ہر طرف سے عزت سمیٹ رہے ہیں تو دوسری طرف ہندوستان کا وزیراعظم مودی ہر جگہ رسوا ہو رہا ہے ۔عظمیٰ بخاری نے ایک ایکس پیغام میں کہاکہ ابھی تو طیارے گرنے کا زخم تازہ تھا کہ اب برطانوی اخبار دی گارڈین نے نریندر مودی کو غیر ملکی دوروں پر ملنے والے اعزازات پر بھی سوالات اٹھا دئیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی کو سیشلز میں دیا گیا Guardian of the Blue Horizon Award اسکے آنے سے تین روز قبل بنایا گیا اور دنیا میں مودی اس ایوارڈ کا واحد وصول کنندہ ہے جبکہ برطانوی اخبار کے مطابق ہی اسرائیلی پارلیمنٹ نے مودی کو جو ایوارڈ دیا تھا وہ بھی چند روز قبل ہی بنایا گیا تھا اور وہ ایوارڈ بھی صرف مودی نے وصول کیا۔قبل ازیں وزیراطلاعات پنجاب نے ایک بیان میں کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں گرین الیکٹرک بسوں، گرین ٹریکٹرز اور الیکٹرک بائیکس کے انقلابی منصوبوں نے عوامی خدمت، جدید ٹرانسپورٹ، زرعی ترقی اور نوجوانوں کی فلاح کے نئے باب کا آغاز کیا ۔پنجاب میں گرین الیکٹرک بسوں نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حقیقی انقلاب برپا کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ جلد پنجاب کی 147 تحصیلوں تک بھی گرین الیکٹرک بسوں کی سہولت پہنچائی جائے گی تاکہ ہر شہری کو معیاری پبلک ٹرانسپورٹ میسر آ سکے ۔ پنجاب حکومت میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج کارکردگی، گڈ گورننس اور میرٹ کے حوالے سے پنجاب کا ملک کے کسی بھی دوسرے صوبے سے کوئی موازنہ نہیں۔