مسجد اقصی میں اسرائیلی اشتعال انگیزی،پاکستان سمیت8اسلامی ممالک کا احتجاج
مسجدکے احاطے میں جھنڈا نصب کرنے کی شدید مذمت ، اسرائیل عبادت میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے مسجد اقصیٰ کے تاریخی و قانونی تشخص میں تبدیلی کی کوششیں ناقابل قبول، عالمی برادری نوٹس لے ، اعلامیہ
اسلام آباد(اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سمیت 8 عرب اور اسلامی ممالک کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزرا اور آبادکاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے شدید احتجا ج کیا گیا ، پاکستان، مصر، تر کیہ ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری مشترکہ اعلا میہ میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی جھنڈا نصب کرنے کی شدید مذمت کی گئی ۔اعلا میہ میں کہا گیا کہ انتہا پسند اسرائیلی وزرا نے اپنی فوج کی پشت پناہی سے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیزحرکت کی جبکہ اسرائیلی پولیس نے بھی مسجد اقصیٰ کے صحن میں دو ٹینٹ لگائے اور دیگر اشتعال انگیز کام کئے گئے ۔اعلا میہ میں کہا گیا کہ بیت المقدس کے قدیم شہر اور مقدس مقامات تک رسائی پر پابندیاں فوری ختم کی جائیں ،اسرائیل مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کی عبادت میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے ،مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کا تاریخی، قانونی اور آبادیاتی تشخص بدلنے کی اسرائیلی کوششیں ناقابل قبول ہیں، مسجد اقصیٰ کے تمام 144 دونم رقبے پر مشتمل احاطہ صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے اور اردن کے محکمہ اوقاف کو ہی مسجد اقصیٰ کا انتظامی اختیار حاصل ہے ،عالمی برادری اسرائیل کوبیت المقدس کے اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پرغیرقانونی اقدامات سے روکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments