تیل قیمتوں کی ڈی ریگولیشن پالیسی کی کابینہ سے جلد منظوری متوقع،احد چیمہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا مجوزہ اقدام زیر غور ہے اور کابینہ سے پالیسی کی جلد منظوری متوقع ہے۔۔۔
جبکہ گنور گروپ نے آئل پرائس ڈی ریگولیشن کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پٹرولیم مارکیٹ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے ۔وزارت اقتصادی امورکے مطابق پارکو گنور لمیٹڈ اور گنور گروپ کے وفد نے وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات کی جس میں توانائی و پٹرولیم کے شعبے میں تعاون، اصلاحات اور ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گروپ کے مطابق ڈی ریگولیشن سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان صحت مند مسابقت کو فروغ ملے گا۔ احد چیمہ نے کہا کہ پٹرولیم شعبے کی کارکردگی اور مسابقت بڑھانے کے لیے ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے جبکہ گنور گروپ نے پاکستان کی ریفائنریوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ گنور گروپ کے مطابق پارکو گنور لمیٹڈ پاکستان میں اپنے کاروباری نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے ۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور نے ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اوگرا اور پٹرولیم شعبے میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دونوں فریقین نے پٹرولیم شعبے میں اصلاحات، مارکیٹ کی ترقی،سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments