ہائیکورٹ کے باہر کیوں نہ پہنچے ۔۔۔سلمان اکرم قیادت پربرس پڑے
گڑگڑاکر التجا کی ،سارے ارکان کیوں نہ آئے ؟نام سامنے لاؤں گا:سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی رات 12 بجے بتایا گیا،ارکان پارلیمنٹ کوکم سے کم 24 گھنٹے پہلے آگاہ کرناچاہئے :مشال پارلیمنٹرینزاسلام آباد میں موجود نہیں ،اطلاع بروقت ملتی توجواب طلب کرتا:جنید اکبر
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی جانب سے پارلیمنٹیرینز کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پہنچنے کی کال کے باوجود کوئی خاص تعداد اکٹھی نہ ہوسکی، آنے والوں کے بھی گلے شکوے ہی رہے ، گزشتہ روز کال اور سخت تاکید کے باوجود سلمان اکرم راجہ، علی محمد خان، شفقت اعوان، جنید اکبر اورمشال یوسفزئی وغیرہ ہی اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پہنچ سکے ، اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی اور سخت سکیورٹی اقدامات کیے گئے ، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اس وقت بے یقینی کی صورتحال ہے ، بانی پی ٹی آئی کو آنکھ کا عارضہ لاحق ہے ،ہم جانتے ہیں کچھ دن پہلے ان کی طبیعت خراب تھی،اب ان کی صحت ٹھیک ہوئی یا نہیں ہمیں علم نہیں ہے ،خان صاحب کو ان کے ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے ۔پاکستانی قوم کو کہاجا رہاہے تم کیڑے مکوڑے ہو کاکروچ بھی کہاگیا،کہا جارہاہے تمہارا لیڈر جیل میں ہے اس تک ہم ڈاکٹر بھی نہیں جانے دیں گے ،ان کے بلڈ پریشر سے متعلق تصدیق ضروری ہے ،ذاتی معالجین باہر آکر کوئی سیاسی بات نہیں کرتے پھر بھی رسائی کیوں نہیں دیتے۔
اسلام ہائیکورٹ کے باہر کی کال سے متعلق سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ پارٹی قیادت پر برس پڑے اورکہاکہ میں نے گڑگڑا کر ان سے التجاء کی تھی کہ ہائیکورٹ کے باہر پہنچیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اہم نکات جمع کروانے ہیں،کہاں ہیں یہ سارے لوگ کیوں نہیں آئے ؟،میں سب کے نام سامنے لاؤں گا،5 اگست کو بھی مجھے پتہ ہے جو لوگ سامنے نہیں آئے ،سینیٹر مشال یوسفزئی نے کہاکہ رات کے 12 بجے بتایا گیا تھا کہ کل عمران خان صاحب کا کیس ہے ،کم سے کم 24 گھنٹے پہلے پارلیمنٹیرینز کو بتانا چاہئے تھا۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہا ہے سلمان اکرام راجہ میرے لیڈر ہیں، میرا ان کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں ہے ، ‘‘ایکس’’ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا وہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، اس وقت اسمبلی کا سیشن نہیں ہو رہا ، اس لیے پارلیمنٹرینزاسلام آباد میں موجود نہیں ، رات دیر سے اطلاع ملنے کی وجہ سے پارلیمنٹرینز کو پہنچنے میں دیر ہو گئی،اگر بروقت اطلاع دی جاتی تو میں، بحیثیت صوبائی صدر پختونخوا، جو پارلیمنٹرینز نہیں پہنچے ، ان سے جواب طلب کرتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments