اچکزئی کا چیف الیکشن کمشنر ، دو ارکان کی تعیناتی کیلئے وزیراعظم کو خط

اچکزئی کا چیف الیکشن کمشنر ، دو ارکان کی تعیناتی کیلئے وزیراعظم کو خط

نامزدگیوں کو حتمی شکل دینے کیلئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی فوری ملاقات ہونی چاہیے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے جلد آئینی عمل شروع ہونے کا امکان

 اسلام آباد (سہیل خان) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے چیف الیکشن کمشنر،سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے جلد آئینی عمل شروع ہونے کا امکان ہے ۔آئین کے آرٹیکل 215 کے تحت چیف الیکشن کمشنر اور ارکان الیکشن کمیشن پانچ سال کے لیے حلف اٹھاتے ہیں تاہم نئی تقرری تک وہ اپنے عہدوں پر کام جاری رکھ سکتے ہیں۔محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط میں لکھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور سندھ و بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ارکان کی آئینی مدت 26 جنوری 2026 کو مکمل ہوچکی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے اہم آئینی عہدوں پر فوری طور پر تقرریاں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 213(2A) کے تحت چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت لازم ہے۔

جبکہ آرٹیکل 218(2B) کے تحت الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے بھی یہی آئینی تقاضا ہے ۔خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی فوری ملاقات ہونی چاہیے ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی آزادی، ساکھ اور آئینی تسلسل برقرار رکھنے کے لیے فوری تقرریاں ضروری ہیں۔پارلیمانی حلقے اس پیش رفت کو ممکنہ سیاسی استحکام کے لیے اہم قرار دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو کے بیانات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی میں کمی متوقع ہے کیونکہ الیکشن کمیشن سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں تمام بڑی جماعتوں کی نمائندگی ہے جبکہ پی ٹی آئی بھی آئینی کمیٹی کا حصہ بنتی رہی ہے تاہم عام کمیٹیوں کا بائیکاٹ جاری ہے ۔پارلیمانی حلقوں کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کی کال کے تناظر میں پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ اس خط کے ذریعے مذاکرات کا راستہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...