وزیر خزانہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال
پاکستان سرمایہ کاری میں سہولت کاری کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے ،سینیٹر اورنگزیب اپنا گھر پروگرام کیلئے جولائی تک 34.27 ارب کے قرضے جاری ،وزیر خزانہ کو بریفنگ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا اقتصادی تعلقات اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے امریکی اداروں کے ساتھ ہونے والی تعمیری بات چیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں تجارتی طور پر قابل عمل منصوبوں کے لیے مالی تعاون، سرمایہ کاری اور فنانسنگ کو مزید مستحکم کرنے کے مواقع موجود ہیں۔ وزیر خزانہ نے مخصوص اور سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبوں کی نشاندہی اور مناسب فنانسنگ سٹرکچرز تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے حالیہ علاقائی تنازع اور اس کے معاشی اثرات بالخصوص توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ۔وزیر خزانہ نے امریکی شراکت داروں کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے امریکی حمایت کا اعادہ کیا ۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس تک رسائی سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے ایکسیس ٹو فنانس پلان 28-2026 پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ڈیش بورڈز کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت جاری کردی۔ وزیر خزانہ نے کاشتکاروں کیلئے فنانسنگ اور ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت جولائی تک 34.27 ارب کے قرضے جاری کیے گئے ۔ بینکوں کی جانب سے 220 ارب 68 کروڑ روپے سے زائد کے قرضے منظور کیے گئے جو تقسیم کیلئے تیار ہیں۔ کمیٹی نے زمین اور جائیداد کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے پر بھی زور دیا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے پٹرولیم درآمدات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments