ریٹیلر ایپ کا اجرا، فائدہ نہ اٹھانے والوں کیخلاف ضروری اقدامات کرینگے: وزیر خزانہ
اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے تاجروں کیلئے ریٹیلر سکیم ایپ لانچ کردی۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ جو افراد نئی سکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے اور ٹیکس نظام کا حصہ بننے سے گریز کریں گے ان کے خلاف آئندہ ضروری اقدامات کیے جائیں گے ، چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس سکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے نفاذ سے معیشت میں شفافیت آئے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر ہے ، کسی ایک طبقے کو نظرانداز کرکے ملک کا نظام نہیں چلایا جاسکتا، 25 سے 26 کروڑ آبادی کے ملک کو آسان اور بہتر نظام فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، جبکہ عوام کے لیے نظام کو آسان اور مؤثر بنانا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے ۔ چھوٹے دکاندار چاہیں تو اس سکیم کے بجائے معمول کے ٹیکس نظام میں رہ سکتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ نئی سکیم میں شامل ہوکر اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، جو لوگ سکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے ، ان کے خلاف آئندہ ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت خزانہ بلال اظہرکیانی نے کہا کہ ریٹیلر سکیم ایپ تاجروں کی مشاورت سے بنائی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریٹیلرسکیم ایپ ان دکانداروں کیلئے بھی ہے جو ابھی تک ٹیکس نیٹ میں نہیں، ریٹیلر سکیم ایپ کے ذریعے دکاندار فائلر بن سکیں گے ، چھوٹے دکاندار موبائل فون ایپ کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائل کرسکتے ہیں۔ وزیر مملکت نے مزید کہاکہ اس سکیم کے ذریعے پوائنٹ آف سیلز سے استثنیٰ دیا جائے گا، چھوٹے دکانداروں کو کم از کم 25 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے ، تاجروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی اور جس دکان پر گرین پلیٹ لگی ہوگی وہاں ایف بی آر افسر داخل نہیں ہوگا۔بلال اظہرکیانی کا کہنا تھا کہ ایپ میں رجسٹرڈ دکانداروں کی سیل پر ایک فیصد ٹیکس ہوگا، ستمبر کے پہلے ہفتے تک یہ ایپ مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگی، اس سکیم سے لاکھوں تاجر ٹیکس نیٹ میں آئیں گے اور یہ سکیم کامیاب ہوگی تو سیلری کلاس پر بوجھ کم ہوگا۔ اس موقع پر وزیرخزانہ نے کہا کہ سیلری کلاس کیلئے بھی ریٹرن کو آسان بنا رہے ہیں اور تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس ریٹرن فارم سادہ کیا جائے گا۔ چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا تاجروں میں خوف کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے اور کاروباری طبقے کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر اپنی آمدن کے مطابق ٹیکس ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم کاروباری طبقے کو بلاجواز چھاپوں، جرمانوں اور گرفتاریوں سے تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments