کانگو وفد کی ایئر چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
علاقائی سلامتی، تربیت، پیشہ ورانہ مہارتوں اور باہمی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کانگو فضائیہ کی جدید خطوط پر تشکیل، پاک فضائیہ کے تجربات سے استفادہ کی خواہش
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)جمہوریہ کانگو کے اعلیٰ سطح دفاعی وفد نے چیف آف ڈیفنس فورسز لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلَمبو جولز کی سربراہی میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال ، دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ۔ انہوں نے مسلح افواج کے درمیان باہمی روابط، تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر حاصل کردہ دفاعی صلاحیتوں خود انحصاری کے حصول کے لئے جاری کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، اعلیٰ آپریشنل تیاری اور تربیت کے بلند معیار کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے حصول میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خود انحصاری اور مقامی دفاعی پیداوار کے میدان میں پاک فضائیہ کی نمایاں پیش رفت کا اعتراف کیا، معزز مہمان نے جمہوریہ کانگو کی فضائیہ کی ازسرنو تشکیل اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے وسیع پیشہ ورانہ تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments