حکومت پنجاب کی ذمہ داری گورننس اور داخلی سلامتی :عظمیٰ بخاری
مریم نواز کے بیان پر بے جاتنقید کرنیوالے حقائق سے بے خبر :وزیراطلاعات حکومت کی اصل پہچان بیانات نہیں کارکردگی :سہیل آفریدی کے بیان پر ردعمل
لاہور(آئی این پی )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیان پر بے جا تنقید کرنے والے حقائق سے بے خبر ہیں کیونکہ خارجہ امور اور بیرونی خطرات وفاقی دائرہ اختیار میں ہیں جبکہ حکومت پنجاب کی ذمہ داری گورننس اور داخلی سلامتی ہے اور مریم نواز اسی سمت کام کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کے اے آئی انٹیلی جنس حب کے افتتاح پر واویلا کرنے والوں کو پہلے یہ سمجھنا چاہیے کہ جدید گورننس صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانے کا نام نہیں ، امن، قانون، ٹیکنالوجی اور عوام کے تحفظ کیلئے جدید نظام کھڑا کرنا بھی حکومتی ذمہ داری ہے ،مریم نواز کا واضح موقف ہے جرم ہونے کے بعد کارروائی کافی نہیں، ٹیکنالوجی کے ذریعے خطرے اور جرم کو پہلے سے شناخت کرکے روکنا اصل کامیابی ہے ، حکومت کرنے اور صرف سیاست کرنے میں یہی فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی استعداد میں اضافہ، سکیورٹی اداروں کی مضبوطی، عدالتوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ، دوسری طرف پختونخوا جیسے دہشت گردی سے متاثرہ صوبے میں ترجیح پولیس، سی ٹی ڈی اور انسداد دہشت گردی ہونی چاہیے نہ کہ وفاقی خارجہ امور میں مداخلت، دوسرے صوبوں میں سیاسی سرگرمیاں اور احتجاجی سیاست ہے ۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اگر اے آئی، جدید پولیسنگ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی ٹیکنالوجی اور کرائم پری وینشن پر سرمایہ کاری غلط ہے تو پھر بہتر متبادل کیا ہے ؟ کیا صرف تنقید؟ یا صرف احتجاجی سیاست ؟۔ علاوہ ازیں عظمیٰ بخاری نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا سنہری اور یادگار دن ہے ۔ 1965ء کی جنگ کے شہدا اور غازی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، قوم آج بھی ان کی قربانیوں اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments