ازبک میڈیا وفد کا آرمی میوزیم، واہگہ بارڈر کا دورہ
پاکستان کے شاندار عسکری، تاریخی ورثے اور جدید شوٹنگ سہولیات کا جائزہ لیا
لاہور(سیاسی نمائندہ،اے پی پی)ازبک میڈیا کے 9 رکنی وفد نے پیر کے روز لاہور میں آرمی میوزیم اور لاہور گیریژن شوٹنگ گیلری کا دورہ کیا اور پاکستان کے شاندار عسکری و تاریخی ورثے اور جدید شوٹنگ سہولیات کا جائزہ لیا۔آرمی میوزیم لاہور کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر)عمر خالد نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں میوزیم کی تاریخی اہمیت اور مختلف حصوں بارے بریفنگ دی ۔ وفدنے مختلف تاریخی ادوار سے متعلق اشیا بالخصوص فوجی سازوسامان، ہتھیاروں ، 1965 اور 1971 کی جنگوں سے متعلق یادگاروں میں خصوصی دلچسپی لی اورپاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔ دورے کے اختتام پر بریگیڈیئر عمر خالد نے وفد کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔بعد ازاں وفد نے لاہور گیریژن شوٹنگ گیلری کا دورہ کیا جہاں گیلری کے سیکرٹری کرنل شاہد ترمذی اور اسسٹنٹ سیکرٹری میجر احمد برکی نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں بریفنگ دی۔ازبک وفد نے درمیانے اور طویل فاصلے پر شوٹنگ کا تجربہ کیا اورتیر اندازی میں بھی حصہ لیا۔ بعد ازاں وفد نے واہگہ بارڈر کا دورہ کیا اور وہاں پریڈ اور روایتی پرچم اتارنے کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ وفد نے تقریب کے پرجوش ماحول کو سراہا۔ازبک میڈیا نمائندگان کایہ دورہ پاکستان کی تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی استعداد کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں ان کے پروگرام کا حصہ تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments