پختونخوا میں دہشتگردی ، وزیراعلیٰ کنٹینر پر چڑھا ہے :عظمیٰ بخاری
13 سال سے خیبر پختونخوا کی قسمت میں دھرنے ، جلسے ، ریلیاں،لانگ مارچ ہی ہیں آئینی اقدام پر مجبور کیا جارہا ، سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے
لاہور(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کی زد میں ہے اور صوبے کا وزیراعلیٰ کنٹینر پر چڑھا ہوا ہے ، گزشتہ 13 سال سے خیبر پختونخوا کی قسمت میں دھرنے ، جلسے ، ریلیاں اور لانگ مارچ ہی ہیں،عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب صوبے میں امن و امان اور روزگار نہیں ہوگا تو وہاں کے لوگ امناور روزگار کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ کریں گے ،جو حکومت اپنے ہی لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی، اس کو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں،وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی واحد وزیراعلیٰ ہیں جو اپنے صوبے میں ہی لاؤ لشکر کے ساتھ مارچ کر رہے ہیں،فیڈریشن کے خلاف ہرزہ سرائی کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے ،عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سرکاری وسائل کو جتھوں کی سیاست کے لیے استعمال کرنا پی ٹی آئی کا پرانا وتیرہ ہے ، سہیل آفریدی نے صوبے میں قیامِ امن پر دہشتگردوں کو تحفظ دینے کو ترجیح دی ہے ،خیبر پختونخوا حکومت خود صوبے میں آئینی اقدام اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے ،خیبر پختونخوا کے لوگوں کو کسی صورت بھی دہشتگردوں اور جتھوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،دریں اثنا وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اومان میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کا ایوارڈ وصول کر لیا ہے ۔ ہر سال پانچ پروگرامز کو یہ ایوارڈ دیا جاتا ہے ، جبکہ اس سال پنجاب اور مریم نواز شریف کے ایک سال میں دو لاکھ گھروں کی تکمیل کے پروگرام کو فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے ، انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی ایوارڈ وصولی کی تقریب میں شرکت کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments