پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پرعزم ہیں:چیف الیکشن کمشنر
شیڈول پنجاب حکومت نے خود دیا، اب اگر گریزاں ہے تو ہمیں مطمئن کرنا پڑیگا نہ جانے صوبائی حکومتیں کیوں بلدیاتی الیکشن سے گھبراتی ہیں، سلطان سکندر راجہ
لاہور (نامہ نگار خصوصی) الیکشن کمیشن پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے پرعزم ہے اور اس حوالے سے تیاریاں مکمل کر رہا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کیلئے 15 دسمبر سے 15 جنوری تک کی تاریخ پنجاب حکومت نے خود دی تھی، اب اگر وہ انتخابات سے گریزاں ہے تو اسے الیکشن کمیشن کو مطمئن کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا اگر دسمبر یا جنوری میں سموگ کا مسئلہ ہے تو یہ پنجاب حکومت کو پہلے دیکھنا چاہیے تھا۔ مشاورتی عمل کے دوران پنجاب حکومت کے ذمہ داران نے یقین دہانی کرائی تھی، جس کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔سلطان سکندر راجہ نے کہا بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ناگزیر ہیں، نہ جانے صوبائی حکومتیں ان سے کیوں گریزاں رہتی ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے بھی اس حوالے سے سرد مہری کا مظاہرہ کیا، خیبرپختونخوا میں بھی یہی صورتحال رہی۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے تاحال باضابطہ طور پر اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو آگاہ نہیں کیا۔ کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے پرعزم ہے ، یہ ہماری آئینی ذمہ داری ہے جو ادا کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments